کرک(صباح نیوز)خوشحال خان خٹک یونیورسٹی، کرک کی فیکلٹی، انتظامیہ اور طلباء نے سیمینار اور یکجہتی واک کا اہتمام کرکے پاک فوج کے ساتھ یکجہتی کے لئے اکٹھے ہوئے۔
انچارج میڈیاخوشحال خان خٹک یونیورسٹی، کرک، ڈاکٹر محمد انور کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق “پاکستان آرمی: قومی اتحاد کا ایک مضبوط ستون” کے عنوان سے منعقدہ سمینار کا مقصد ملک کی خودمختاری کے تحفظ میں پاک فوج کی بہادرانہ کوششوں اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنا تھا۔
یونیورسٹی کے ویڈیو کانفرنس روم میں منعقدہ اس سیمینار میں یونیورسٹی کے مقررین نے شرکت کی جن میں کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد زبیر خٹک اور ہیڈ ڈیپارٹمنٹ آف کمپیوٹر سائنس اینڈ بائیو انفارمیٹکس ڈاکٹر محمد انعام الحق شامل تھے۔ سیمینار میں ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن عبدالبصیر اور ڈپٹی پرووسٹ ذوالفقار علی انجم کے علاوہ فیکلٹی اور طلبا نے بھی شرکت کی۔سیمینار نے اتحاد، نظم و ضبط اور لچک کی علامت کے طور پر پاک فوج کی تاریخی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ قومی سلامتی اور علاقائی سالمیت کو یقینی بنانے میں مسلح افواج کے اہم کردار پر زور دیتے ہوئے مقررین نے قوم کے ساتھ پاک فوج کی ہمہ وقتی وابستگی کو اجاگر کیا۔
سیمینار میں پاک فوج کی طرف سے کئے گئے انسانی ہمدردی کے اقدامات کا بھی احاطہ کیا گیا۔سیمینار کے بعد یکجہتی واک کا اہتمام کیا گیا، جس میں طلبا، فیکلٹی ممبران اور انتظامیہ نے ایک ساتھ واک کرتے ہوئے پاک فوج کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا مظاہرہ کیا۔ شرکا نے بینرز، پوسٹرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر قومی افتخار اور اتحاد کا بھرپور مظاہرہ کیا گیا تھا۔خوشحال خان خٹک یونیورسٹی کرک کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سردار خان نے پاک فوج کی مثالی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا، “یہ سیمینار اور یکجہتی واک پاک فوج کی قوم کیلئے خدمات کا اعتراف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے بہادر سپاہیوں کی قربانیوں سے بخوبی آگاہ ہیں اور اپنے ملکی مفادات کے تحفظ میں ان کے کردار کو تسلیم کرتے ہیں۔”تقریب کا اختتام پاک فوج کی فلاح و بہبود اور کامیابی کے لیے دعا کے ساتھ ہوا، اور شرکا ء نے مسلح افواج کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔