راولپنڈی(صباح نیوز)وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے مسیح برادری کو کرسمس اور نئے سال کے حوالے سے مبارکباد دی اور کہا کہ مسیح برادری اپنا تہوار بھر پور جوش اور جذبے کے ساتھ منا سکتی ہے مسیح برادری محنتی اور جفاکش قوم ہے پاکستان کے لیے ان کی خدمات سے سب سے زیادہ ہیں۔
سانحہ سیالکوٹ کے باوجود کوئی ہمیں انتہاپسندی کی طرف نہیں لے جاسکتا،راولپنڈی میں کرسمس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ مسیح برادری کی خوشی میں برابر شریک ہیں پاکستان کے لیے مسیح بہن بھائیوں کی خدمات سب سے زیادہ ہیں ،میں یقین دلاتا ہوں کہ حضرت عیسی علیہ السلام صرف آپ کے نہیں میرے بھی ہیں۔
آپ ایک محنت کش لوگ ہیں مسیحوں نے ہمارے ملک کی خوبصورتی کے لیے جو خدمات انجام دی ہیں اس کا صلہ آپ کو خداوند ہی دے سکتا ہے ہم نہیں دے سکتے۔
عیسی علیہ السلام نے فرمایا مانگو گے تو دیا جائے گا کھٹکھٹاؤ گے توکھولا جائے گا۔مسیح بہن بھائی اپنی خوشیاں جوش و خروش سے منائیں ہر مسیح ہی سمجھے کہ وہ خود وزیر داخلہ ہے سیالکوٹ واقعہ سے ہمارے ملک کو بہت بڑی بدنامی ملی ہے ہم دنیا میں منہ دکھانے کے قابل نہیں رہے 74,75 سال میں ایسا لمحہ کبھی نہیں آیا کہ دنیا میں ہمیں ایک انتہاء پسند قوم کی صورت میں دیکھا جا رہا ہے اگر ہمارے دل میں محبت اور خلوص نہیں ہو گاتو پھر ہماری زندگی بے کار ہے اس میں کوئی کشش نہیں ہے غربت کے باوجود میں نے اپنی زندگی میں کسی مسیح کو بھیک مانگتے ہوئے نہیں دیکھا ہے وزیر داخلہ نے کہا کہ میں نے راولپنڈی میں تین وویمن یونیورسٹیاں اور سات تعلیمی ادارے بنائے ہیں شاید مرنے کے بعد میرے کام آ سکیں آج میرے شہر کی بچی تعلیم یافتہ ہے اس لیے ہمیں کوئی شکست نہیں دے سکتا اور کوئی ہمیں انتہاء پسندی کی طرف نہیں لے جا سکتا۔
اس ملک کی سب سے زیادہ دشمن انتہاء پسندی اور دہشت گردی ہے کبھی یہ نہیں سنیں گے کہ پاکستان میں کسی مسیح کا نام دہشت گردی میںآیا ہو جو ایک بہت بڑی بات ہے ۔شیخ رشید نے کہا کہ میں ہولی فیملی میں پیدا ہوا اس لیے اس کا خیال رکھتا ہوں۔میں دنیا کے تمام مسیحوں پادریوں کو ”ہیپی مِری کرسمس ”کہتا ہوں اور آپ کو نئے سال کی مبارکباد پیش کرتا ہوں اور دعا کرتا ہوں کہ اللہ تعالی ساری دنیا میں نیا سال برکت کا لائے ۔وزیراعظم عمران خان کی طرف سے بھی تمام کرسچن بہن بھائیوں بیٹوں کو ”ہیپی مِری کرسمس ” کہتا ہوں۔