کوئی بھی حکومت لینے کیلئے تیار نہیں،ایاز صادق نے ان ہاؤس تبدیلی کا امکان رد کردیا


لندن(صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے نائب صدر اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ان ہائوس تبدیلی کے امکان کو رد کردیا۔

سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ اس وقت کوئی بھی حکومت لینے کے لئے تیار نہیں ہے، جو بھی اس وقت حکومت لے گا وہ موجودہ حکومت کی سواتین سال کی مس گورننس کا سارا ملبہ اپنے اوپر ڈال لے گا۔ آزادانہ اورشفاف انتخابات ہی مسئلہ کا واحد حل ہیں۔

ان خیالات کااظہارسردار ایاز صادق نے لندن میں نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں کوئی بھی حکومت نہیںلے گا، ہمارے پاس ایک ہی حل ہے جو صاف اورشفاف انتخابات ہیں۔

ایک سوال پر سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ میں 2022کو انتخابات کا سال نہیں کہتا تاہم ہر گزرتے دن کے ساتھ پاکستان کی مشکلات بڑھتی رہیں گی۔