اسلا م آباد(صباح نیوز)دفترخارجہ کے ترجمان عاصم افتخاراحمدنے کہاہے کہ پاکستان ہمیشہ اپنے افغان بہن بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ رہاہے۔
ایک ٹو یٹ میں انہوں نے کہاکہ افغانستان میں انسانی صورتحال پرغور کے لئے اتوار کو اسلام آباد میں اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کی میزبانی پاکستان کے اس عزم کاتسلسل ہے کہ وہ ہمیشہ اپنے افغان بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑاہے۔
ترجمان نے اپنے ٹو یٹ میں ایک ویڈیوبھی شامل کی ہے جس میں افغان عوام کوضرورت کی اس گھڑی میں انسانی امداد کی فراہمی کے لئے پاکستان کی کوششوں کو دکھایاگیاہے۔ویڈیومیں بیالیس ملکوں سے تعلق رکھنے والے اسی ہزار افراد کے افغانستان سے انخلا میں پاکستان کی طرف سے فراہم کی جانے والی سہولت کو بھی اجاگرکیاگیاہے جن میں سفارتکار، بین الاقوامی غیرسرکاری تنظیموں اورذرائع ابلاغ کے نمائندے بھی شامل تھے۔