اسلام آباد(صباح نیوز) نیشنل کاونٹر ٹیرارزم اتھارٹی (نیکٹا) نے قومی پالیسی برائے انسداد تشدد اور انتہا پسندی کا مسودہ تیار کرلیا، مسودے کے دوحصے ہیں ایک تعریف جبکہ دوسرانفاذ سے متعلق ہے۔
ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق قومی پالیسی برائے انسداد تشدد اور انتہا پسندی کا مسودہ تیار کرلیا گیا ، وفاقی وزیرشیخ رشید کو مسودہ نیشنل کوآرڈینیٹر نیکٹا مہرخالق داد نے پیش کیا۔مسودہ نیشنل کاونٹر ٹیرارزم اتھارٹی نے تیار کیا ہے ، اگست میں باہمی صالح مشورے کے نتیجے میں نیشنل ایکشن پلان پرنظرثانی کی گئی۔پالیسی کے مسودے کے دوحصے ہیں ایک تعریف جبکہ دوسرانفاذ سے متعلق ہے ، پالیسی کا مسودہ مرتب کرنے کے لئے 250 سے زائد ماہرین سے مشاورت کی گئی ہے۔
یاد رہے قومی ادارہ برائے انسداد دہشت گردی (نیکٹا)کے زیر اہتمام پرتشدد انتہا پسندی کے انسداد کی قومی پالیسی کی تشکیل کیلئے قومی سطح پر مشاورت کیلئے اجلاس منعقد کئے گئے ۔جس میں سول سوسائٹی، اقلیتوں، صحافیوں، پولیس افسران اور مختلف یونیورسٹیوں کے ماہرین سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے نمائندوں نے شرکت کی اور اپنی تجاویز دیں