اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت عارف علوی نے استحصال پر مبنی موجودہ عالمی نظام میں تبدیلی کی ضرورت پر زور دیا ہے جہاں عالمی طاقتوں کی طرف سے بھارت جیسی بڑی معیشتوں کو جگہ دی جاتی ہے۔
ایک نجی ٹی وی چینل سے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ موجودہ عالمی نظام ذاتی مفادات پر مبنی ہے اور وزیر اعظم عمران خان نے اس معاملے پر بہترین موقف اختیار کیا ہے۔صدر نے افغانستان ، عراق ، شام اور بعض دیگر ملکوں کی تشویشناک صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا کہ امریکہ اور مغرب اپنے ملکوں میں کوئی جنگ نہیں چاہتے تاہم دوسرے علاقوں خصوصا اسلامی ملکوں کوجنگوں اور تنازعات کیلئے میدان جنگ بنا رکھا ہے۔
عالمی سطح کے دوہرے معیارات کا مزید ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکہ کو افغانستان میں اپنی موجودگی کے دوران خواتین اور بچوں کے انسانی حقوق کی کوئی فکر نہیں تھی لیکن افغانستان سے انخلا کے فوری بعد اسے پریشانی لاحق ہو گئی۔
ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر عارف علوی نے کہاکہ پاکستان انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں پیشرفت کے ذریعے ترقی اور خوشحالی حاصل کرسکتا ہے اور ترقی یافتہ ملکوں کی فہرست میں صف اول کے ملک کے طور پر شامل ہو سکتا ہے۔