سانحہ سیالکوٹ،گرفتار ملزمان کا ٹرائل جیل میں ہی کرنے کا فیصلہ


سیالکوٹ(صباح نیوز)سیالکوٹ میں سری لنکن فیکٹری منیجر پریانتھا کمارا قتل کیس میں گرفتار ملزمان کا ٹرائل جیل میں ہی کرنے کا فیصلہ کیا گیا  ۔

آر پی او گوجرانوالہ نے کہا کہ سانحہ سیالکوٹ کیس کی روزانہ سماعت جیل میں کرانے کا فیصلہ کیا ہے اور انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج جیل میں جا کر ہی کیس کی سماعت کریں گے۔

سانحہ سیالکوٹ کیس میں گرفتار ملزمان کا جیل ٹرائل کرنے کے باقاعدہ احکامات بھی جاری ہو چکے ہیں۔سیالکوٹ فیکٹری واقعہ میں گرفتار ملزمان کے جیل میں ٹرائل کے لیے ڈی پی او نے عدالت کو وزات داخلہ کے ذریعے درخواست دائر کی تھی۔

یاد رہے کہ چند روز قبل سیالکوٹ کی ایک اسپورٹس فیکٹری میں مشتعل ہجوم نے مذہبی پوسٹر اتارنے کے الزام میں سری لنکن فیکٹری منیجر پریانتھا کمارا کو سفاکانہ طریقے سے قتل کر کے لاش کو آگ لگا دی تھی۔