لوگوں میں قہقہے بانٹنے والے معروف کامیڈین ماجد جہانگیر انتقال کرگئے،وزیراعظم اور وزیر اطلاعات کا اظہار افسوس

اسلام آباد/لاہور(صباح نیوز)معروف کامیڈین ماجد جہانگیر لاہور میں انتقال کرگئے۔70 اور 80 کی دہائی کے معروف ٹی وی شو ففٹی ففٹی سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والے ماجد جہانگیر کا تعلق کراچی سے تھا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے نامور کامیڈین ماجد جہانگیر کی وفات پر رنج و غم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ماجد جہانگیر مزاح کے شعبے میں ایک ستارے کی مانند تھے ،ففٹی ففٹی جیسے یادگار ڈراموں میں ان کی فنکاری تاریخ میں زندہ ہے۔ ماجد جہانگیر نے ٹی وی کے علاوہ اسٹیج شوز اور فلموں میں بھی کام کیا۔ 80 کی دہائی کے آخر میں ماجد جہانگیر امریکا چلے گئے تھے جہاں انہوں نے 23 برس گزارے۔ 2010 میں ماجد جہانگیر دوبارہ وطن لوٹے، 2021 تک ماجد جہانگیر مختلف ٹی وی چینلز پر اپنے فن کا مظاہرہ کرتے رہے لیکن انہیں وہ پزیرائی نہ مل سکی۔

چند برس قبل ماجد جہانگیر نے اپنے ہی ساتھی فنکار اسماعیل تارا پر الزام لگائے۔ 2016 سے ان کی طبیعت خراب رہنے لگی تھی اور زندگی کے آخری ایام انہوں نے انتہائی کسمپرسی میں گزارے۔ گرنے سے ان کی کمر کے مہروں میں فریکچر ہوگیا تھا۔ گزشتہ چند دنوں سے ماجد جہانگیر لاہور کے ایک نجی اسپتال میں زیر علاج تھے جہاں وہ منگل اور بدھ کی درمیانی رات دم توڑ گئے۔ ماجد جہانگیر کو کراچی میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے نامور کامیڈین ماجد جہانگیر کی وفات پر رنج و غم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ماجد جہانگیر مزاح کے شعبے میں ایک ستارے کی مانند تھے ،ففٹی ففٹی جیسے یادگار ڈراموں میں ان کی فنکاری تاریخ میں زندہ ہے ، اسماعیل تارا مرحوم اور ماجد جہانگیر نے مزاح کو ایک جہت دی۔ وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔ آمین۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے بھی  معروف کامیڈین اداکار ماجد جہانگیر کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ک ماجد جہانگیر نے اسماعیل تارا کے ساتھ ڈرامہ ففٹی ففٹی میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ ماجد جہانگیر  کے انتقال سے ڈرامہ انڈسٹری میں پیدا ہونے والا خلا کبھی پر نہیں ہو سکے گا،  شوبز انڈسٹری کیلئے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالی ماجد جہانگیر مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں اعلی مقام اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔ماجد جہانگیر کے انتقال پر ملک بھر کی معروف شخصیات نے دلی افسوس کا اظہار کیا ہے۔