لندن(صباح نیوز) گلوکار راحت فتح علی خان کے شاگرد پر تشدد کی ویڈیو پر برٹش ایشیا ٹرسٹ کا ردِ عمل سامنے آ گیا۔
برٹش ایشیا ٹرسٹ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بدسلوکی کے تمام الزامات کو سنجیدگی سے لیتے ہیں اور واقعے کا فوری جائزہ لیں گے۔برطانوی میڈیا کے مطابق راحت فتح علی خان گھریلو تشدد کے خلاف سرگرم برٹش ایشیا ٹرسٹ کے سفیر ہیں جو شاہ چارلس نے 2007 میں قائم کیا تھا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق راحت فتح علی خان برٹش ایشیا ٹرسٹ کے سفیر کے طور پر شاہ چارلس سے کئی بار ملاقات کر چکے ہیں، اس ٹرسٹ کا مقصد غربت سے نمٹنا اور کمیونٹی تعلقات قائم کرنا ہے۔برٹش ایشیا ٹرسٹ پاکستان اور بھارت میں ذہنی صحت کے اقدامات چلاتا ہے۔ اس معاملے پر برٹش ایشیا ٹرسٹ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بدسلوکی کے تمام الزامات کو سنجیدگی سے لیتے ہیں اور واقعے کا فوری جائزہ لیں گے۔
واضح رہے کہ راحت فتح علی خان کی اپنے بیک سنگر پر تشدد کی ویڈیو سامنے آئی تھی۔ یہ واقعہ گزشتہ سال امریکی شہر ہیوسٹن کے ایک ہوٹل میں پیش آیا تھا۔