کراچی،سی ٹی ڈی کی کارروائی ،امجد صابری کے قتل کا ماسٹر مائنڈ گرفتار


 کراچی (صباح نیوز)کائونٹرٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے معروف قوال مرحوم امجد صابری کے قتل کا ماسٹر مائنڈ کو گرفتار کرلیا، ملزم حافظ قاسم رشید عرف گنجا کا تعلق کالعدم لشکر جھنگوی سے ہے ۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق کالعدم لشکر جھنگوی کے دہشتگرد حافظ قاسم رشید عرف گنجا کو کراچی کے علاقے پٹیل پاڑہ سے گرفتار کیا گیا ۔ترجمان نے بتایا کہ گرفتار دہشت گرد قاسم رشید نے عاصم کیپری اور اسحاق بوبی کے ذریعے امجد صابری، رینجرز کے چار جوان ، دو آرمی اہلکار اور چار شیعہ افراد کو قتل کرایا۔دہشت گرد قاسم رشید ایم پی اے رضا حیدر اور دیگر سنگین نوعیت کے دہشتگردی کے مقدمات میں جیل میں قید تھا۔ اور حال ہی میں جیل سے رہا ہوا اور ساتھیوں کو دوبارہ فعال کررہا تھا۔ ملزم کے ساتھیوں میں وسیم بارودی، عبداللہ، دانش ، حافظ اخلاق، پرویز ، قاری عنایت اور عبداللہ الیاس تیموری شامل ہیں۔

ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ گرفتار دہشت گرد قاسم رشید دوران قید جیل سے اپنا نیٹ ورک چلاتا تھا، اس نے  سکیورٹی اہلکاروں اور پولیس افسران سمیت اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل پیر مسعود، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ عبدالرزاق عباسی کے قتل کی دیگر وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ دہشت گرد سے ہینڈ گرنیڈ، پستول اور باردوی مواد بھی برآمد ہوا ہے، ملزم کے خلاف مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی ۔