فلسطین و غزہ کی موجودہ صورتحال پر حکمرانوں کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے، رخشندہ منیب

کراچی (صباح نیوز) فلسطین و غزہ کی موجودہ صورتحال پر حکمرانوں کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔ حکمران جان لیں عوام الناس کی مسئلہ فلسطین کے حوالے سے کوئی دو رائے نہیں۔ قبلہ اول کے ساتھ ہمارا دل دھڑکتا ہے ۔ان خیالات کا اظہار ناظمہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی صوبہ سندھ رخشندہ منیب نے مسجد قباء میں صوبائی ٹیم اور نگران شعبہ جات کی نشست میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی بد ترین نسل کشی پر امت مسلمہ کو متحد ہوکر اسے منہ توڑ جواب دینا چاہیے تھا لیکن ہماری بد قسمتی کہ عالم اسلام کے حکمران ایک جانب اور عوام دوسری جانب ہیں۔ حکمرانوں کی بے حسی و بے حمیتی اسرائیل و امریکہ کو مزید تقویت پہنچا رہی ہے عوام کو چاہیے کہ متحد ہوکر حکمرانوں کو اسرائیل کو جواب دینے  پر مجبور کریں ۔

قبل ازیں نائب معتمدہ عائشہ ودود نے سورہ الدخان  کی ابتدائی آیات کی روشنی میں  قرآن اور لیل القدر کی اہمیت کے حوالے سے تذکیری گفتگو کی ۔ علاوہ ازیں  تمام افراد نے دورہ قرآن کے حوالے سے جائزہ و رپورٹ پیش کی اور رہ جانے والے کاموں کی منصوبہ بندی کی گئی ۔