کراچی(صباح نیوز) چیئرمین گلشن اقبال ٹاؤن ڈاکٹر فواد احمد نے عید الفطر کے سلسلے میں بلدیاتی انتظامات کا معائنہ کرنے کیلئے مختلف عید گاہوں اور مساجد کا دورہ کیا۔ صفائی ستھرائی ، روشنی سمیت دیگر بلدیاتی خدمات کا جائزہ لیا۔ عید الفطر کے سلسلے میں گلشن ٹاؤن انتظامیہ کی جانب سے سہولیات فراہم کرنے کے لیے موثر اقدامات کیے گئے ہیں تاکہ عید کے موقع پر شہریوں کو کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ڈاکٹر فواد نے بتایا کہ عید گاہوں اور مساجد کے اطراف صفائی و ستھرائی کے خصوصی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں جبکہ چونے کا چھڑکاؤ اور دیگر ضروری امور کو بھی یقینی بنایا گیا ہے ۔
چیئرمین گلشن اقبال ٹاؤن ڈاکٹر فواد احمد نے ربانی مسجد و عید گاہ ، جمشید انصاری پارک بلاک 7، افتخار سید اسپورٹس اکیڈمی بلاک 6، ناریل پارک بلاک 5و دیگر پارکس و عید گاہوں کا دورہ کرکے وہاں انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ گلشن اقبال ٹاؤن انتظامیہ عید کے موقع پر شہریوں کو صاف ستھرا اور خوشگوار ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے ۔جس کیلئے قبل از وقت انتظامات یقینی بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔
صفائی ستھرائی سمیت دیگر ذمہ داریاں ادا کرنے میں مصروف عمل ہیں۔ڈاکٹر فواد احمد نے اس بات کا بھی جائزہ لیا کہ دیگر شہری ادارے بھی اپنی ذمہ داریاں پوری کر رہے ہیں یا نہیں ؟ ضروری ہوا تو گلشن ٹاؤن ،شہریوں کی آسانی کیلئے دیگر اداروں کی خدمات کی فراہمی میں گریز نہیں کرے گا۔ عیدالفطر بڑا تہوار ہے جس میں گلشن ٹاؤن کے مکینوں کے چہروں پر خوشیاں بکھیرنے کیلئے اپنا ہر ممکن کردار ادا کرینگے۔اس موقع پر ڈائریکٹر پارکس غلام رسول ، ڈپٹی ڈائریکٹر پارکس راشد فیاض و دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے ۔