کراچی(صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی سندھ کاشف سعید شیخ نے کہاہے کہ عیدالفطربندہ مومن کے لیے اللہ تعالیٰ کی طرف سے انعام ہے۔عیدکی خوشیوں میں اپنے غریب بھائیوںکے ساتھ غزہ کے مظلوم مسلمانوں کو بھی ضرور یادرکھا جائے۔انہوں نے عیدالفطرکے موقع پرجاری اپنے پیغام میں کہاکہ عیدالفطر خوشنودی اور انعام الٰہی کے حصول کا دن ہے۔ رمضان المبارک میں بندہ اللہ کی خاطر بھوک و پیاس اور قیام الیل کے ذریعے اس کی رضا و خوشنودی حاصل کرنے کی تگ و دو میں مصروف رہتا ہے جب وہ اس ماہ مبارک کا حق ادا کرتا ہے تو اللہ رب العزت عیدالفطر کی صورت میں انعام سے نوازتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ اسلام اور کلمہ طیبہ کے نام سے معرضِ وجود میں آنے والے ملک میں اسلام مظلوم بنا ہوا ہے ۔تھانہ کچہری، پارلیمنٹ سے لیکر عدالت میں قرآن مجید کے نظام کی بجائے انگریز کا کالا قانون نافذ ہے۔ ملک کو قائم ہوئے 75 سال سے زیادہ عرصہ گزرچکا ہے مگر ایک دن کے لیے بھی اسلام کو نافذ نہیں کیا گیاہے۔عیدالفطر کے مبارک دن کے موقع پر جماعت اسلامی سندھ کے تحت کراچی تاکشمور سندھ بھر میںعیدالفطر کے اجتماعات میں تمام عیدگاہوں اورمساجد کے باہر غزہ کے مظلوم مسلمانوں کے لیے جھولی فنڈاکٹھا اورخوشی کے ان لمحات اپنی خصوصی دعائوں میں یاد ر کیاجائے گا۔