کراچی(صباح نیوز) جماعت اسلامی سندھ کے تحت کراچی تاکشمور سندھ بھر میںعیدالفطر کے اجتماعات میں تمام عیدگاہوں اورمساجد کے باہر غزہ کے مظلوم مسلمانوں کے لیے جھولی فنڈاکٹھا کیاجائے گا۔ علمائے کرام اپنے خطابات میں غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف صدائے احتجاج بلند کریں۔خوشی کے ان لمحات میں مظلوم مسلمانوں کو اپنی خصوصی دعائوں میں یاد رکھاجائے۔
جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکرٹری محمد یوسف نے امراء اضلاع سمیت ذمے داران وکارکنان کے نام جاری اپنے پیغام میں کہاکہ اکتوبر 2023 میں اسرائیلی جارحیت کے آغاز کے بعد تباہ حال غزہ میں آج دوسری عید الفطر منائی گئی۔عید کے خوشیوں بھرے موقع پر بھی اسرائیلی فورسز نے خان یونس پر فضائی اور زمینی حملے کر کے سفاکیت کی نئی مثال قائم کر دی ہے۔غزہ پر جاری وحشیانہ اسرائیلی حملوں میں اب تک 50 ہزار سے زائد بے قصور فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جس میں معصوم بچے اورخواتین بھی شامل ہیں۔ غزہ کا بڑا حصہ ملبے کے ڈھیر میں تبدیل ہو چکا ہے اور لاکھوں فلسطینی خیموں یا بمباری سے تباہ شدہ عمارتوں میں پناہ لینے پر مجبور ہیں۔عالمی ضمیر انسانی حقوق کی تنظیموں کی طرح دنیا بھر کے مسلم حکمراں اندھے، گونگے، بہرے بنے ہوئے ہیں۔