کراچی(صباح نیوز)حلقہ خواتین جماعت اسلامی کراچی کی ناظمہ جاوداں فہیم نے عید الفطر کے موقع پر اپنے خصوصی بیان میں کہا ہے کہ عیدالفطر انعام ،خوشی ،خوشیوں کو منانے اور اللہ تعالیٰ کی کبریائی بیان کرنے کا دن ہے۔مسلمانوں کی حقیقی عید اس دن ہوگی جب اسلام کا بول بالا ہوگا۔زمین جبر اور ظلم کی سختیوں سے پاک ہوگی ،ہمارا قبلہ اول بیت المقدس مسلمانوں کو واپس ملے گا۔ آج عید ایسے موقع پر آئی ہے جب بلوچستان شدید بد امنی کی لپیٹ میں ہے ،ملک دشمنوں کی سرگرمیوں کی بھرمار ہے۔،
عوام ریاستی جبر کا شکار ہیں ،شہر کراچی کے مکین لاقانونیت کے نرغے میں ہیں۔بے شمار ٹریفک حادثات چوری ڈکیتی نے عید کی خوشیوں پر پانی پھیر دیا ہے۔اہل غزہ شدید آزمائش کا شکار ہیں۔جان ومال کی قربانیوں کے باوجود اہل کفر کا غلبہ اور مسلمان حکمرانوں اور امت مسلمہ کی خاموشی میں فرق نہیں آ رہا۔اس موقع پر امت مسلمہ کے اہل دانش اور دیانتدار لوگوں کا فرض ہے کہ وہ آگے آئیں ظلم کے خلاف توانا آواز بنیں اور نئی صبح کیلئے محنت اور جدوجہد کریں۔قرآن کے نظام کے قیام کے لئے عملی جدوجہد کریں۔ہماری حقیقی عید اس دن ہو گی جب ہر جابر اور ظالم کرسی سے اترے گا اور اللہ کی زمین پر اللہ کے نظام کی حکمرانی ہو گی۔