الخدمت شعبہ کمیونٹی سروسز کے تحت شہر میں یومیہ 1500کلو گوشت تقسیم کیا جارہا ہے

کراچی(صباح نیوز)الخدمت کے شعبہ کمیونٹی سروسز کے تحت مستحقین میں یومیہ 1500کلو سے زائد مرغی کا گوشت تقسیم کیا جارہا ہے۔ مرغی کا گوشت کمزوروں اور محتاجوں کے گھروں تک پہنچایا جارہا ہے اور اس کام کو کرنے میں الخدمت کے رضاکار یکم رمضان سے کوشاں ہیں۔ یہ بات ایگزیکٹو ڈائریکٹر الخدمت کراچی راشد قریشی نیالخدمت میٹ ڈرائیو کا جائزہ لینے کے دوران کہی۔

انہوں نے کہا کہ الخدمت نے گزشتہ برس بھی مہنگائی اور مشکل معاشی صورتحال کے باعث متاثر ہونے والے کمزور طبقے میں 50ہزار کلو سے زائد گوشت تقسیم کیا تھا۔ اس ماہ رمضان بھی لوگوں تک مرغی کا گوشت پہنچایا جا رہا ہے اوریہ سلسلہ چا ند رات تک جاری رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا الخدمت نے کورنگی میں میٹ ڈرائیو سینٹر قائم کیا ہے جہاں سے گاڑیوں کے ذریعے محفوظ طریقے سے یہ گوشت شہر کے تمام اضلاع میں منتقل کیا جاتاہے اورالخدمت کے رضاکار یہ گوشت مستحقین تک پہنچاتے ہیں۔

گوشت کی اتنے بڑے پیمانے پر تقسیم کے سلسلہ میں الخدمت کو ایک ادارے کا تعاون حاصل ہے ۔گوشت مہنگا ہونے کی وجہ سے اب عام آدمی کی پہنچ سے دور ہو چکا ہے اورکمزور آدمی اسے خریدنے کا تصور بھی نہیں کرسکتا۔راشد قریشی نے کہا کہ الخدمت نے ماہ مقدس میں جہاں لوگوں تک ہزاروں راشن بیگ پہنچائے وہیں شعبہ کمیونٹی سروسز کے تحت اس کے خدمت کے دیگر کام بھی جاری ہیں۔ انہوں نے اہل خیر سے اپیل کی کی وہ کمزوروں ،محتاجوں اور ضرورت مندوں کی مدد کیلئے الخدمت کا ساتھ دیں۔