کراچی(صباح نیوز) چیف ایگزیکٹو الخدمت نوید علی بیگ نے کہا ہے کہ الخدمت کے شعبہ کمیونٹی سروسز نیر مضان فوڈ پیکیج کے تحت غریبوں اور ضرورت مندوں کو ماہ مقدس کی مبارک ساعتوں میں شریک کرنے کیلئے ہزاروں راشن بیگ تقسیم کیے جن سے ان خاندانوں کے کئی لاکھ افراد نے استفادہ کیا ۔ راشن کی تقسیم کا یہ عمل سال ہا سال سے جاری ہے اور یہ کام الخدمت لوگوں کی عزت نفس کا خیال رکھتے ہوئے انجام دیتی ہے ۔
یہ بات انہوں نے اپنے خصوصی بیان میں کہی ۔انہوں نے کہاکہ تقسیم کیے گئے فوڈ پیکیج میں آٹا ،چینی ،دالیں ، کوکنگ آئل، چائے کی پتی ،خشک دودھ ،مشروب ،کھجور،بیسن ودیگر ضروری اشیا شامل تھیں۔راشن کی پیکنگ اور ترسیل کیلئے راشن حب قائم کیے گئے تھے ۔اس کیلئے مرکزی فوڈ حب کے علاوہ تمام اضلاع میں13راشن مراکز قائم کیے تھے،جہاں سے پورا ر مضان الخدمت دفاتر کو راشن کی ترسیل جاری رہی اوران دفاتر سے مستحقین اورضرورت مندوں تک یہ راشن پہنچایا گیا ،الخدمت کی جانب سے یومیہ سیکڑوں مرغیاں ذبح کر کے ان کا گوشت بھی مستحق خاندانوں تک پہنچایا گیا۔
نوید علی بیگ نے کہا کہ الخدمت کا شعبہ کمیونٹی سروسز ساراسال فعال رہتا ہے اور یہ مختلف قسم کی خدمات انجام دیتا ہے۔رمضان میں اس شعبے کی ذمہ داریاں بڑھ جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی عروج پر ہے جس کی وجہ سے غریب آدمی کی زندگی متاثر ہے ۔الخدمت اسی کے پیش نظر کمزور طبقے کورمضان میں مبارک ساعتوں میں شریک کرنے کیلئے راشن تقسیم اور مرغی کا گوشت تقسیم کرتی ہے تاکہ پریشان حال لوگ مستفید ہوسکیں۔انہوں نے اہل خیر سے اپیل کی کہ وہ الخدمت کے کاموں میں اس کا ساتھ دیں۔