ٹنڈو محمد خان(صباح نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے پارٹی قیادت کے حکم پر دریا سندھ پر چھ کینالز کی تعمیر کے خلاف شہر کے الفتح چوک سے ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی جوکہ شہر کے مختلف علاقوں سے گزرنے کے بعد حیدرآباد بدین روڈ پر پہنچی جہاں احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے دھرنا دیا گیا ۔ احتجاجی مظاہرے کی قیادت ایم پی اے سید اعجاز شاہ بخاری ۔ ایم پی اے خرم کریم سومرو ۔ پیر عاقب جان سرھندی ۔ سید سلال شاہ سید شاہ نواز محسن شاہ بخاری ۔ شیر امین لاکھو ۔ ڈاکٹر میر حسن ملاح ۔ حارث صبح پوٹو ۔ محمد علی قریشی و دیگر نے کی اس موقع پر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ اسمبلی نے کینالز کے خلاف قرارداد منظور کردی ہے ۔
سندھ کی لاکھوں ایکڑ زرعی اراضی کو بنجر بنانے اور دوسرے صوبے کی صحرائی زمین کو آباد کرنے کی سازش بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے، وفاقی حکومت اپنا غلط فیصلہ واپس لے، نہروں پر کام فوری بند کیا جائے، پی پی پی کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کا احتجاج بھی جاری ہے اگر قیادت نے حکم دیا تو احتجاج کے طور پر اسیمبلیوں سے استعفی دینے کا اعلان کرسکتے ہیں کراچی سے کشمیر تک عوام کو زمین اور پینے کے پانی سے محروم کرنے والوں کو ہر قیمت پر مسترد کیا جائے گا، نہروں کے خلاف سندھ کا احتجاج اب تحریک سے آگے بڑھ کر حکمرانوں کے لیے چیلنج بن جائے گا، اگر پیپلز پارٹی کی قیادت نے کینالز کی تعمیر کے خلاف مارچ کا اعلان کیا تو وہ مارچ وفاقی حکومت کا انجام ثابت ہوگا، احتجاج میں عوام و کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی احتجاج کے باعث سندھ کے مختلف اضلاع کو جانے والی ٹریفک کئی گھنٹے معطل رہی۔