کراچی (صباح نیوز)مرکزی رہنما جماعت اسلامی راشد نسیم نے جامع مسجد کوثر ٹاون اور جامع مسجد گلبرگ فیڈرل بی ایریا کراچی میں مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ اور رواں برس کے ماہ رمضان کے مابین دنیا میں بڑی تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں،
بنگلہ دیش میں دو تہائیوں پر مشتمل ظالمانہ دور ختم ہوا، عقوبت خانے کھلے اور سالہاسال قید رہنے والے لوگ آزاد ہوئے، طلبہ نے پوری انقلابی مہم کی رہنمائی اور تبدیلی برپا کی۔ شام میں عقوبت خانے بھرے ہوئے تھے، اللہ نے انھیں آزاد کیا اور وہ اقتدار میں آئے، غزہ میں تاریخ کا بڑا انقلاب برپا ہوا جس نے مغربی دنیا کو بھی جھنجوڑ کے رکھ دیا ہے جہاں طلبہ و طالبات اور بعض ایلیٹ لوگ نکل کھڑے ہوئے،
غزہ میں باضمیر اور بے حس لوگوں کے درمیان اپنے خون سے لکیر کھینچ دی ہے، ہو سکتا ہے حق کی خاطر ابھی مزید قربانیاں دینی پڑیں، لیکن تبدیلی کی فضا چل پڑی ہے اور یہ رکے گی نہیں۔ حق کے ماننے والوں کو پورے عزم و حوصلے کے ساتھ پرچم بلند کر کے آگے بڑھنا چاہیے اور جان لینا چاہیے کہ یہ صبح طلوع ہونے والی ہے۔