معروف سینئر اداکار طلعت حسین انتقال کرگئے


کراچی(صباح نیوز)پاکستان کے معروف سینئر اداکار طلعت حسین انتقال کرگئے۔

صدر کراچی آرٹس کونسل احمد شاہ کے مطابق طلعت حسین کافی عرصے سے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے۔آرٹس کونسل کے صدر احمد شاہ سے بات کرتے ہوئے طلعت حسین کی صاحبزادی نے والد کے انتقال کی تصدیق کی۔پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ افراد نے سینئر اداکار کی وفات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

طلعت حسین بھارت کے شہر دہلی میں 1940میں پیدا ہوئے تھے،صدارتی ایوارڈ یافتہ فنکار طلعت حسین نے اداکاری کی باقاعدہ تربیت برطانیہ سے حاصل کی، وہ 1972 سے1977 تک لندن میں مقیم رہے۔ لندن اکیڈمی آف میوزک اینڈ ڈرامیٹک آرٹ سے اداکاری کے شعبے میں گولڈ میڈل بھی حاصل کیا۔ لندن چینل فور کی مشہور زمانہ سیریز ٹریفک میں لاجواب اداکاری کی۔

علاوہ ازیں انہوں نے بالی وڈ میں فلم سوتن کی بیٹی میں عمدہ پرفارمنس دی۔ اس فلم میں جتندر اور ریکھا کے مدمقابل ان کی اداکاری کو بے حد پسند کیا گیا، ان کے مقبول ٹی وی ڈراموں میں ہوائیں، کشکول، طارق بن زیاد اور دیگر شامل ہیں۔1970 میں فلم انسان اور آدمی میں اداکار محمد علی اور زیبا کے بیٹے کا کردارنبھایا۔ انہیں فلم گمنام میں ڈاکٹر کے روپ میں پسند کیا گیا۔