لاہور (صباح نیوز)اسرائیل کی جانب سے یک طرفہ معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غزہ میں شدید بمباری میں پانچ سو سے زائد فلسطینیوں کی شہادت پر شدید غم و غسہ کا اظہار کرتے ہوئے جماعت اسلامی نےکل جمعہ کی نماز کے بعد ملک بھر میں زبردست احتجاج کا اعلان کر دیا ،اسلام آباد سمیت چارو ں صوبوں میں امریکی سفارتخانوں کی جانب احتجاجی مارچ کیا جائے گا۔حکومت پر امن احتجاج کو روکنے سے باز رہے ۔
عوام سے اپیل ہے کہ وہ اپنے فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے سڑکو ں پر نکلیں،حکومتی و اپوزیشن جماعتوں کے کار کنوں سے بھی کہتا ہوں سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر احتجاج کریں کیوں کہ یہ کسی ایک جماعت یا ملک کا نہیں بلکہ پوری امت کا مسلہ ہے۔ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے منصور لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر جماعت اسلامی وسطی پنجاب کے امیر محمد جاوید قصوری،ضلعی امیر ضیاالدین انصاری اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف بھی موجود تھے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اسرائیل نے یک طرفہ معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غزہ میں شدید بمباری کی جس میں 500 کے قریب لوگ شہید ہوئے جن میں خواتین کے علاوہ183بچے بھی شامل ہیں۔اسرائیل نے معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے علاقہ کی ناقہ بندی کرکے اشیاخورونوش کی ترسیل روکی پھر بارود کی بارش کر دی۔حملہ کے بعد امریکہ نے کہا یہ بمباری ہماری مشاورت سے کی گئی یہ دونوں ممالک دہشت گردی کررہے ہیں،ابھی تک بمباری سے لاشیں ملبے تلے دبی ہوئی ہیں ۔دنیا اس بربریت کی مزمت کررہی ہے،یہ سفاک اور نسل کشی کرنے والے ممالک ہیں۔
انہوں نے کہا کہ افسوس ہوتا ہے کہ مسلم ممالک کا رویہ کیا ہے کچھ مسلم ممالک روس اور یوکرین میں ثالثی کروا رہے ہیں،فلسطین کا مسئلہ تو سب سے بڑا ہے۔دنیا کے مسلمان پاکستان کی طرچ دیکھتے ہیں اگر ہم کوئی جارحانہ رویہ اختیار کریں تو دنیا ہماری بات سنے گی،اللہ تعالی نے پاکستان کو نیوکلئیر پاور بنایا لیکن ہمارے حکمران طبقے نے ہمیں بہت چھوٹا کردیا ہے۔انکی توجہ کا مرکز کچھ اور ہے یہی وجہ ہے کہ ہمارے حالات بھی خراب ہیں۔اسرائیل نے امن معاہدے کی خلاف ورزی جسے امریکہ نے بھر پور سپورٹ کیا اور کہا کہ یہ حملہ اس کی مرضی سے کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اس پر احتجاج کرنا چاہیے جماعت اسلامی احتجاج کرتی رہی ہے اب بھی کررہے ہیں۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ کل نماز جمعہ کے بعد سڑکوں پر آئیں اور فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں۔
انہوں نے کہا کہ نماز جمعہ کے بعد اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے اور چاروں صوبوں میں امریکی قونصلیٹ کی جانب پر امن احتجاجی مارچ ہو گا۔حکومتی اور اپوزیشن سمیت سب جماعتوں کے کارکنوں کو اس پر آواز بلند کرنی چاہیے،کیا ا ن کے سینے میں میں دل نہیں ہیں کیوں نہیں بولتے۔تمام جماعتوں سے کہتا ہوں وہ بھی اپنا کردار ادا کریں سب کو میدان میں نکلنا چاہیے۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اگر کوئی پیغام افواج اور حکومت سے جائے گا تو اسکا اثر ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اس وقت حکومت کی ساری توجہ امریکی صدر کے لیے ہے، انجمن غلامان امریکہ بنے ہوئے ہیں امریکہ کی آشیر باد حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام لیڈرشپ اس وقت امریکہ کی مزمت کرے کیونکہ امریکہ کی وجہ سے اسرائیل یہ سب کچھ کررہا ہے،امریکہ براہ راست اس دہشت گردی میں شریک ہے۔
انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے اس وقت سب امریکہ سے امید لگائے بیٹھے ہیں اور ٹرمپ کی خوشنودی حاصل کرنا چاہتے ہیں جو خود ایک مخبوط الحواس شخص ہے جسے خود سمجھ نہیں آتی کہ وہ کیا کہہ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت ایک لابی کوشش کررہی ہے کہ حالات کا فائدہ اٹھا کر اسرائیل کے ساتھ ساز باز کی جائے اور اس سے بات چیت کا راستہ نکالا جائے،اگر حکومت نے اسرائیل کے ساتھ کچھ معاملات کیے تو اسکے نتائیج انتہائی خوف ناک ہونگے،قائد اعظم نے اسرائیل کو تسلیم نہیں کیا تھا حکمران ایسا کچھ کرنے کا سوچیں بھی مت،23 مارچ 1947 کو مینار پاکستان پرایک نہیں دو قرار دادیں پیش ہوئیں تھیں ایک قیام پاکستان کے لئے اور دوسری فلسطین کے لئے تھی۔
انہوں نے کہا کہقائداعظم نے کہا تھا اسرائیل ناجائز ریاست ہے پاکستان کبھی اسکو تسلیم نہی کرے گا۔انہوں نے کہا کہ امریکہ اسلامی ممالک سعودی عرب اور یو اے ای جیسے ممالک کے زریعے دباو ڈالے گا حکمران طبقہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کا سوچے بھی نا ورنہ اسکے نتائج خطرناک ہونگے۔انہوں نے کہا کہ او آئی سی کا کردار صرف قراردادیں پاس کرنے اور مطالبات کرنے تک محدود ہے اسے عملی اقدامات کرنے کیا ضرورت ہے۔اگر اسلامی ممالک صرف راہ داری بند کر دیں تو دنیا جام ہوجائے گی ان کی ٹریڈ ایک ماہ میں ختم ہو جائے گی۔ایک سوال کے جواب میں امیر جماعت نے کہا کہ افغانستان اور پاکستان کو اپنے مسائل مذاکرت کے زریعے حل کرنے چاہیں جنگ کسی کے بھی مفاد میں نہیں ہے۔جماعت اسلامی عید کے بعد پیٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لئے بڑی تحریک شروع کرے گی