نگران وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت جمال شاہ سے معروف اداکارہ عذرا آفتاب کی ملاقات

اسلام آباد(صباح نیوز)نگران وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت جمال شاہ سے  معروف اداکارہ عذرا آفتاب نے جمعہ کو یہاں ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران انہوں نے  ملک کی ڈرامہ انڈسٹری پر تبادلہ خیال کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عذرا آفتاب ایک ورسٹائل اداکارہ ہیں جن کے کرداروں کی ایک وسیع رینج ان کے کریڈٹ پر ہے، پاکستانی ڈراموں میں ان کی شاندار خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

جمال شاہ نے کہا کہ متنوع کرداروں کو صداقت کے ساتھ پیش کرنے کی ان کی صلاحیت نے انہیں انڈسٹری میں ایک محبوب شخصیت بنا دیا ہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے انہیں شیلڈ پیش کی۔ عذرا آفتاب 1990 میں پی ٹی وی کے ڈراموں میں نظر آئیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ فنکار ہمارا سرمایہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عذرا آفتاب نے انتہائی عمدہ ڈراموں میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے اور ایسے کردار نبھائے جو ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملک کے فنکاروں کی فلاح و بہبود کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔