پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اورپی ٹی آئی نے عوام کے چودہ طبق روشن کر دیے، ملک کی بد حالی انہی حکمرانوں کی نا اہلی کی وجہ سے ہے۔قیصر شریف


لاہور (صباح نیوز)سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کا ہر کارکن تحریک کا سرمایہ ہے۔ ملک میں جماعت اسلامی واحد جمہوری سیاسی جماعت ہے جس میں افراد کی تبدیلی جمہوری انداز میں ہوتی ہے۔ ملک میں افراتفری کی سی صورت حال ہے۔ پاکستان کے معاشی مسائل کا حل اب جماعت اسلامی کے علاوہ کسی کے پاس نہیں۔ جماعت اسلامی نے اپنے جھنڈے نام نشان کے ساتھ انتخابات میں حصہ لینے فیصلہ کیا ہے جس پر کارکن پرعزم ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے ملتان ڈویژن کی میڈیا و سوشل میڈیا ورکشاپ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ورکشاپ میں جماعت اسلامی پاکستان کی میڈیا و سوشل میڈیا ٹیم سمیت ملتان ڈویژن کے ذمہ دران نے بھی شرکت کی اور آخر میں شرکا میں سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کیے گئے۔

قبل ازیں مرکزی سیکرٹری اطلاعات نے ملتان میں صوبائی میڈیا کوآرڈی نیٹرجماعت اسلامی پنجاب کنور صدیق کی عیادت اور ان کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

قیصر شریف نے کہا کہ موجودہ دور میں میڈیا ایسا ٹول ہے جسے سیکھنا ہر کارکن کی ذمہ داری ہے۔ جماعت اسلامی اپنے کارکن کو جدید ٹولز سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ایسی ورکشاپس کا انعقاد کرتی رہتی ہے۔ ورکشاپس کے انعقاد کا پہلا مرحلہ پاکستان کے 19 ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں ہوگا۔ ملتان میں منعقد ہونے والی یہ تیسری ورکشاپ ہے اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔

امیر جماعت اسلامی پنجاب جنوبی راؤ محمد ظفر نے ورکشاپ کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محرومیوں سے نکلنے کے لیے آگے بڑھنا ہوگا، ہمت، صلاحیت اور طاقت کے ساتھ آگے بڑھیں گے تو ہم ان اندھیروں سے باہر نکلیں گے