وفاقی وزیر خزانہ کا زرعی شعبے پر آئندہ سال مزید ٹیکس لگانے کا اعلان ، کسانوں میں تشویش دوڑ گئی ہے۔ محمد جاوید قصوری

لاہور (صباح نیوز)نو منتخب امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کسانوں کو مافیا کہنا انتہائی قابل مذمت ہے ، حکمران خود مافیا ہیں جنھوںنے پورے نظام کو ہی کرپشن کی بھینٹ چڑھا رکھا ہے ۔ مریم نواز شریف کسانوں کی دل آزاری پر معافی مانگیں ۔کاشتکار پورے ملک کی ستر فیصد معیشت کو سہارا دیتے ہیں ۔ وہ پہلے ہی حکومت کی عاقبت نا اندیش پالیسیوں کی بدولت مشکلات میں دھنستے چلے جا رہے ہیں۔ حکمرانوں 25کروڑ عوام کا خون نچھوڑ رکھا ہے ۔ ان نا اہلوں سے خیر کی امید نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکمران ہر محاذ پر ناکام دکھائی دیتے ہیں ۔ عوام کا اعتماد عملاً ختم ہو چکا ہے ۔ ان کے پاس کسی قسم کا کوئی ٹھوس منصوبہ نہیں جس سے ملک و قوم کو بحرانوں سے نکالا جا سکتا ہو۔ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی جانب سے آئندہ سال یکم جولائی سے زرعی آمدن پر ٹیکس لگانے کی خبر سے کسانوں میں تشویش دوڑ گئی ہے۔ حکومت پہلے ہی کسان دشمن پالیسی پر گامزن ہے۔ کاشتکاروں کی خون پسینے کی کمائی مڈل مین اڑا لے جاتے ہیں اور کوئی پوچھنے والا نہیں۔ حکومت نے کاشتکاروں کو آڑھتیوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔ جب تک کاشتکاروں کو سستی بجلی، سستی کھاد، ارزاں نرخوں پر زرعی مداخل اور اس شعبہ سے وابسطہ افراد کو ترجیح نہیں دی جائے گی اس وقت تک پاکستان کی زراعت کو درپیش مسائل حل نہیں ہو سکتے۔

انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 3 ماہ میں عالمی مالیاتی اداریآئی ایم ایف کے 7 ارب ڈالر کے بیل آوٹ پیکیج سے زا ئد رقم بھیج کر یہ ثابت کر دیا ہے کہ اوور سیز پاکستانی، ملکی ترقی میں اپنا بھر پور کردار ادا کر رہے ہیں۔ ضرور ت اس بات کی ہے کہ حکومت اپنے اللوں تللوں ، پٹروٹوکول کا خاتمہ کرے اور قومی خزانہ پر بوجھ بننے کی بجائے عوام کی دکھ اور تکالیف کا مدوا کرے ۔ محمد جاوید قصوری نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ فوری طور پر کاشتکاروں کو ریلیف فراہم کیا جائے ، عوام پہلے ہی ظالمانہ ٹیکسوں میں جکڑکر رہ گئے ہیں ، مزید ٹیکسوں کا بوجھ برداشت نہیں کر سکتے ۔ حکومتی معاشی پالیسیوں نے عوام کو خودکشیوں پر مجبور کر دیا ہے