غزہ(صباح نیوز) غزہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی بمباری سے مزید32 فلسطینی شہید ہوگئے۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق، گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران غزہ پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 32 فلسطینی شہید اور 193 زخمی ہوئے ہیں۔
اسرائیلی جارحیت غزہ کی پٹی پر مسلسل 463 دن سے جاری ہے، جس کے نتیجے میں معصوم شہریوں پر سنگین مظالم ڈھائے جا رہے ہیں۔ غزہ کے شہری دفاع کے ترجمان نے الجزیرہ کو بتایا ہے کہ اسرائیل اپنی تباہ کن جنگ کو جاری رکھتے ہوئے زیادہ سے زیادہ شہریوں اور طبی عملے کو ہلاک کرنا چاہتا ہے۔7 اکتوبر 2024 کے بعد غزہ میں شہدا کی تعداد 46,537 ہوگئی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد109,571 ہے ۔
برطانوی جریدے دی لانسیٹ کے مطابق غزہ میں اسرائیلی بمباری سے شہید فلسطینیوں کی تعداد موجودہ تعداد سے 40 فیصد زیادہ ہے، غزہ میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 64 ہزار260 ہے۔فلسطینی محکمہ صحت کے حکام کے مطابق غزہ کے تنازع میں اب تک 46 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جب کہ جنگ سے قبل اس کی آبادی 23 لاکھ کے لگ بھگ تھی۔ مرنے والوں کی اصل تعداد 64 ہزار سے زائد ہے، غزہ کی پٹی میں صحت کی دیکھ بھال کا بنیادی ڈھانچہ تباہ ہونے کے بعد مفصل ریکارڈ نہیں رکھا جاسکا۔