سیالکوٹ(صباح نیوز)وزیر دفاع اور مسلم لیگ (ن)کے سینیئر رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لئے ٹرمپ کی طرف سے کوئی دبا ئونہیںپی ٹی آئی کی تخریبی سیاست کے باوجود معیشت سنبھل رہی ، بیرون ممالک میں کام کرنے والے پاکستانی اپنے گھروں کو خرچے کے لئے پیسے بھیجتے ہیں، یہ پی ٹی آئی یا بانی پی ٹی آئی کی فرمائش پر بند ہونا قطعی طور پر ناممکن ہے۔
وزیر دفاع نے سیالکوٹ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر ماہ پی ٹی آئی کے اندازے غلط ثابت ہوتے ہیں اور ترسیلات زر میں اضافہ ہوتا ہے، اب کہہ رہے ہیں کہ دو تین مہینے بعد اس کے اثرات ظاہر ہوں گے، ان کا ہر حربہ ناکام ہوا ہے اور یہ نامراد رہے ہیں۔خواجہ آصف نے کہا کہ یہ کہتے ہیں ہمیں بنی گالہ منتقلی کی آفر ہوئی ہے، یہ ان خواہشات ہیں ان میں ذرا برابر صداقت نہیں، پی ٹی آئی اپنے دور میں تباہی کرکے گئی تھی، کل اللہ نے کرم کیا اور پیرس کے لیے پی آئی اے کی فلائٹ چلی گئی۔انہوںنے کہا کہ یورپ میں 19 شہروں کے لئے پروازیں شروع ہوں گی جبکہ ہمیں پوری امید ہے کہ برطانیہ سے بھی اجازت ملے گی۔
خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی کی تخریبی سیاست کے باوجود معیشت سنبھل رہی ہے، اگر سیاسی استحکام آجائے اور امن قائم ہوجائے تو ہم خودکفیل ہوسکتے ہیں۔انہوں نے سیالکوٹ کے کاروباری حلقے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی ہمارے لیے قابل فخر ہے۔ انہوں نے اپنی کاروباری بصیرت سے ایئرپورٹ بنایا، اگر حکومت بناتی تو ہوسکتا ہے کہ 10 گنا زیادہ خرچہ آتا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے ٹرمپ کی طرف سے کوئی دبا ئونہیں ہے، وہ باہر آئیں گے یا نہیں اس کے بارے میں پیش گوئی نہیں کرسکتا یہ عدالتوں کا کام ہے۔