اے این ایف کی کارروائیاں،19.876 کلوگرام منشیات برآمد،12ملزمان گرفتار

اسلام آباد(صباح نیوز) اینٹی نارکوٹکس فورس(اے این ایف)کا ملک کے مختلف شہروں میں منشیات سمگلنگ کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے، 96 لاکھ روپیسے زائد مالیت کی 19.876 کلوگرام منشیات برآمد کر کے 8 مختلف کارروائیوں میں 4 خواتین سمیت 12 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ریاض جانے والی خاتون سمیت ملزم کو گرفتار کیا گیا ہے جن کے پیٹ سے 75 عدد ہیروئن بھرے کیپسولز برآمد کئے گئے ہیں۔ اسی طرح آئی جے پی روڈ اسلام آباد پر پل کے قریب ملزم کے قبضے سے 6 کلو چرس برآمد کی گئی ۔

ایک اور کارروائی میں جوہر ٹان لاہور کے ایف بلاک کے قریب 3 ملزمان کے قبضے سے 3.5 کلو گرام ہیروئن برآمد کر لی گئی۔ مزید برآں جی 10 اسلام آباد میں بیلا روڈ کے قریب گاڑی سے 2.670 کلو گرام چرس برآمد کر کے 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ حیدرآباد میں ہوٹل کے قریب خاتون سے 2.5 کلو گرام افیون جبکہ ایئرپورٹ روڈ کوئٹہ پر الآصف بس ٹرمینل کے قریب خاتون کے قبضے سے 2 کلو آئس برآمد اور پشاور میں کوریئر آفس کے ذریعے لاہور اور کراچی بھیجے جانے والے پارسل سے 1.280 کلو گرام چرس برآمد کر لی گئی۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق کاک پل سٹاپ ایکسپریس وے اسلام آباد کے قریب گاڑی میں چھپائی گئی 1.3 کلو آئس برآمد کر کے خاتون سمیت ملزم گرفتار کر لیا گیا۔انہوں نے کہا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ منشیات سمگلر مافیا کی جانب سے خواتین کو استعمال کیا جانا تشویشناک ہے،خواتین کا استحصال روکنے کے لئے سخت اقدامات ناگزیر ہیں ،اے این ایف خواتین کو اس مکروہ دھندے سے بچانے کے لئے سرگرم عمل ہے۔