اسلام آباد ہائیکورٹ ،ممکنہ آئینی ترمیم کا ڈرافٹ پبلک کرنے کی درخواست قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ

اسلام آباد (صباح نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے ممکنہ  آئینی ترمیم کا ڈرافٹ پبلک کرنے اور عوامی رائے لینے کا حکم دینے کی درخواست قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے سابق سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر کی درخواست پر سماعت کی۔اس موقع پر مصطفی نواز کھو کھر اپنے وکیل میاں سمیع الدین احمد کے ہمراہ عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ سپریم کورٹ میں بھی یہ معاملہ زیر التوا ہے، بل پیش کرنے کا پورا طریقہ کار موجود ہے۔وکیل درخواست گزار نے کہا کہ میں قانون سازی سے پہلے کی بات کر رہا ہوں ،

آئینی ترامیم کے ذریعے آئین میں بنیادی سٹرکچر تبدیل کیا جا رہا ہے۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائی نے ریمارکس دیئے کہ آپ اخبارات کی کلپنگ کی بات کر رہے ہیں ابھی تک کچھ معلوم نہیں، اخبارات میں تو آئینی بینچ کی بات بھی آرہی ہے۔انہوںنے کہا کہ اگر آپ نیوز کلپنگ پر ہی جا رہے ہیں تو اس کے مطابق تو مشاورت جاری ہے، دس دن پہلے ایک نوٹی فکیشن جاری ہوا، پھر پتہ چلا فیک ہے، یہ ہمارے ہاں ہی ہوتا ہے۔عدالت نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ نے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا ہے، پشاور ہائی کورٹ نے نوٹس کر دیئے ۔بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے درخواست قابل سماعت ہونے پر نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔