داسو ہائیڈل پاور پروجیکٹ حملے کے ماسٹر مائنڈ 2دہشت گرد فرار ہونے کی کوشش میں مارے گئے


ساہیوال (صباح نیوز)ساہیوال میں داسوہائیڈل پاورپراجیکٹ حملے کے ماسٹرمائنڈ2دہشت گرد اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے۔سی ٹی ڈی حکام کے مطابق سمندری روڈ کے قریب ساہیوال جیل سے داسو حملے کے ماسٹرمائنڈ سمیت 5 دہشت گردوں کی منتقلی کے دوران سی ٹی ڈی پولیس پر حملہ ہوا جس سے داسو ہائیڈل پاور پراجیکٹ حملے کے ماسٹر مائنڈ 2 دہشت گرد فرار ہونے کی کوشش میں مارے گئے جبکہ دیگر تین ساتھی دہشت گرد الگ جیل وین میں ہونے کی وجہ سے محفوظ رہے۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق داسو حملے کے ماسٹر مائنڈ سمیت پانچ دہشت گردوں کو تھریٹ الرٹ کی بنیاد پر ساہیوال جیل سے منتقل کیا جارہا تھا کہ منتقلی کے دوران سمندری روڈ کے قریب نامعلوم دہشت گردوں نے داسو حملے میں ملوث اپنے ساتھیوں کو چھڑوانے کے لئے حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں دہشت گرد محمد حسین اور ایاز اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے جبکہ سی ٹی ڈی اور ضلعی پولیس کے اہلکار فائرنگ کے دوران بال بال بچ گئے۔ ترجمان سی ٹی ڈی نے کہا کہ فائرنگ کرنے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لئے سرچ آپریشن جاری ہے،حکام کے مطابق داسو حملے میں ملوث دہشت گردوں کو عدالت سزائے موت سنا چکی تھی۔