لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے ارکان صوبہ پنجاب وسطی کے استصواب رائے کے بعد محمد جاوید قصوری کو سیشن 2024تا2027کے لئے امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی مقرر کیا ہے ۔ دریں اثنا امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے میڈیا کو جاری کردہ اپنے بیان میں کہا ہے کہ حق دو تحریک میں اپنے اہداف حاصل کرنے کے لئے جدوجہد تیز ہوگی ، حافظ نعیم الرحمان اس قوم کے لئے سٹرکوں پر ہیں۔جب تک حکومت عوام کو درپیش مسائل کو کم نہیں کرتی اس وقت تک ہم چین سے بیٹھنے والے نہیں۔ ملک و قوم اس وقت بحرانوں کی زد میں ہیں۔حکومت نے معاہدہ خلافی کرکے اپنے لئے ہی مسائل کھڑے کر دیئے ہیں۔23تا27اکتوبر ریفرنڈم کرکے بجلی کے بل ادا کرنے ہیں یا نہیں فیصلہ کریں گے۔قوم اب حکمرانوں کے کسی جھوٹے وعدوں پر یقین کرنے کو تیار نہیں۔
انہوں نے ارکان جماعت اور کارکنان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ممبر سازی مہم کے موثر نتائج کیلئے شب و روز ایک کر دیں ۔ جماعت اسلامی اور حافظ نعیم الرحمان کے پیغام کو ہر گلی، کوچوں، محلوں، شہر و دیہات اور گھر گھر پہنچائیں گے ۔ ہمارا ہدف پچاس لاکھ افراد کو ممبر بنانا ہے ۔ ہرزون میں روزانہ کی بنیاد پر ممبر سازی کے حوالے سے سرگرمیاں،کیمپ اور وفود کا اہتمام کیا جائے ۔9,10,11اکتوبر بروز بدھ ، جمعرات ، جمعہ کو تمام گورنمنٹ ، پرائیویٹ تعلیمی اداروں،یونیورسٹیز، کالجز اور ہائی سیکنڈری اسکولزکے سامنے اسلامی جمعیت طلبہ اور جے آئی یوتھ کے ساتھ مل کر ممبر سازی کیمپ لگائے جائیں ۔ ہم ہر آتے دن کے ساتھ اپنی جدوجہد تیز کریں گے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے قوم کو شدید مایوس کیا ہے ۔ ملکی قرضے 70ارب سے تجاوز کر چکے ہیں جبکہ ہر پاکستانی تین لاکھ کا مقروض ہو گیا ہے ۔سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ غیرملکی قرض کہاں استعمال کیا جا رہا ہے ، عوام کو ریلیف نام کی کوئی چیز میسر نہیں۔ کوئی ایک شعبہ بھی ایسا نہیں جس کی تسلی بخش کارکردگی نظر آتی ہو ۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ 76برسوں سے پاکستان اشرافیہ نے یرغمال بنایا ہوا ہے ۔ان کو قومی مفادات نظر نہیں آتے ۔آئینی ترمیم نے حکمرانوں کی ترجیحات کو بے نقاب کر دیا ہے۔اس سب کا ایک ہی ایجنڈا ہے اور وہ ایک دوسرے کے مفادات کو تحفظ فراہم کرنا ہے