پی ٹی آئی کے ایم این اے سردارجعفرلغاری انتقال کر گئے

لاہور(صباح نیوز) بزرگ سیاستدان تحریک انصاف کے ایم این اے سردار جعفر خان لغاری لاہورمیں  انتقال کرگئے۔ذرائع کے مطابق سردار جعفر خان لغاری کا انتقال صبح 8 بجے ہوا۔ وہ طویل عرصہ سے کینسر میں بھی مبتلا تھے۔

سردار جعفر خان لغاری جام پور کے حلقہ این اے 193 کے منتخب ایم این اے تھے۔ 2018 کے الیکشن میں انہوں نے مسلم لیگ( ن )چھوڑ کر پاکستان تحریک انصاف  میں شمولیت اختیار کی تھی ۔پاکستان تحریک انصاف کے عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپر بیان میں کہا کہ جعفرلغاری کی رحلت کے بارے میں جان کر رنجیدہ ہوں۔ ان سے گزشتہ چار دہائیوں سے رفاقت تھی۔

بدقسمتی سے نہایت مزاحمت کے باوجود وہ سرطان (کینسر)کو نہ پچھاڑ سکے۔میری دعائیں اور ہمدردیاں انکے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں۔ رب العزت انہیں اس صدمے کا بوجھ اٹھانے کی قوت اور صبرِجمیل عطا فرمائیں!۔