جماعت اسلامی یوتھ پاکستان کا اسلام آباد کی جانب احتجاجی مارچ ملتوی


لاہور(صباح نیوز)جماعت اسلامی یوتھ پاکستان نے موجودہ ملکی حالات کے پیش نظر اسلام آباد کی جانب نوجوانوں کے احتجاجی مارچ کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یوتھ بے روزگاری مارچ اسلام آباد کے ڈی چوک میں 31اکتوبر (اتوار) کو ہونا تھا جس میں ملک بھر سے ہزاروں کی تعداد میں نوجوانوں کی شرکت متوقع تھی۔

سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصرشریف نے  منصورہ سے جاری ایک بیان میں کہا کہ احتجاجی مارچ کو ملتوی کرنے کا فیصلہ جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق کی سربراہی میں منصورہ میں مرکزی ذمہ داران کے اجلاس میں کیا گیا۔

اجلاس میں نائب امراء لیاقت بلوچ، میاںمحمداسلم، ڈاکٹر فرید پراچہ، سیکرٹری جنرل امیر العظیم، جماعت اسلامی پنجاب وسطی کے امیر جاوید قصوری، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، جے آئی یوتھ پاکستان کے صدر زبیر گوندل، جماعت اسلامی پنجاب شمالی کے جنرل سیکرٹری محمد اقبال خان، صدر جے آئی یوتھ پنجاب شمالی اویس اسلم مرزا، صدر جے آئی یوتھ پنجاب وسطی جبران بٹ و دیگر قائدین شریک تھے۔

قیصر شریف نے کہا کہ بے روزگاری مارچ کے لیے تیاریاں حتمی مراحل میں پہنچ چکی تھیں اور اس میں شرکت کے لیے ہزاروں نوجوان رجسٹریشن کر ا چکے تھے۔ امیر جماعت اسلامی نے اسلام آباد کے ڈی چوک میں بے روزگاری مارچ کے شرکا سے خطاب کرنا تھا۔ تاہم اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ موجودہ ملکی حالات کے پیش نظر فی الحال بے روزگاری مارچ کو معطل کیا جائے۔

قیصر شریف نے کہا کہ جماعت اسلامی  مہنگائی،بے روزگاری اور حکومت کی عوام دشمن دیگر پالیسیوں کے خلاف جاری تحریک میں آنے والے دنوں میں مزید شدت لائے گی۔