سودی نظام شیطانی نظام ہے، پوری انسانیت کے مسائل کی جڑ ہے، حافظ محمد ادریس

لاہور(صباح نیوز)مرکزی رہنما جماعت اسلامی حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ سودی نظام شیطانی نظام ہے اور پاکستان کے عوام ہی نہیں پوری انسانیت کے مسائل کی جڑ ہے، سودی نظام معیشت آئین پاکستان کی نفی ہے، ملک کے 99فیصد عوام غیرسودی نظام چاہتے ہیں۔ حکومت وفاقی شرعی عدالت کے فیصلہ پر من و عن عمل کرے اور سود سے پاک معیشت کا واضح روڈ میپ دے۔ نااہل حکمرانوں اور مفاد پرست ٹولہ کی غلط معاشی پالیسیوں کی وجہ سے عوام چند نوالوں کو ترس گئے، خورونوش کی اشیائے ان کی پہنچ سے دور ہو چکی، ان حالات میں سفید پوشی کا بھرم رکھنا مشکل ہو گیا۔

وہ جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔حافظ محمد ادریس نے کہا کہ گوادر میں اپنے حقوق کے لیے پرامن احتجاج کرنے والوں پر پولیس کریک ڈائون انتہائی بزدلانہ فعل ہے۔ احتجاج ہر شہری کا آئینی حق ہے۔ گوادر کے غریب ماہی گیروں کا روزگار بند کرنے کی کوششیں ہو رہی ہیں۔ ماہی گیری کے پیشہ سے ہزاروں خاندانوں کا روزگار وابستہ ہے۔ گوادر کی عوام کے ساتھ ناانصافی برداشت نہیں، حکومت تشدد کا راستہ اپنانے کی بجائے مظاہرین سے مذاکرات کرے۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی فرسودہ نظام اور اس کے رکھوالوں کے خلاف جہاد کرتی رہے گی، عوام اسلامی فلاحی پاکستان کی منزل کے حصول کے لیے ہمارا ساتھ دے۔