الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت ڈسٹرکٹ جیل فیصل آباد کے قیدیوں میں ہائی جین کٹس تقسیم کی گئیں


فیصل آباد(صبا ح نیوز )الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت ڈسٹرکٹ جیل فیصل آباد میں سینکڑوں قیدیوں میں ہائی جین کٹس تقسیم کی گئیں۔تقسیم کا مقصد قیدیوں کو حفظانِ صحت کے اصولوں کے مطابق بنیادی سہولیات فراہم کرنا ہے۔

ہائی جین کٹس کی تقسیم کے حوالے سے ڈسٹرکٹ جیل میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں الخدمت فاونڈیشن پاکستان کے نائب صدر سید احسان اللہ وقاص، ضلعی صدر رائے محمد اکرم خاں کھرل، جنرل سیکرٹری علی احمد گورایہ، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل محمد صداقت، ایڈمنسٹریٹر الخدمت فاونڈیشن میاں افتخار علی اور الخدمت کے رضا کاروں نے شرکت کی۔

سید احسان اللہ وقاص نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن سماجی خدمات پروگرام کے تحت خدمت خلق کے دیگر شعبوں میں خدمات کے ساتھ ساتھ جیلوں میں قید اسیران کی فلاح و بہبود کے لئے بھی اقدامات کررہی ہے۔اب تک ملک بھرکی مختلف جیلوں میں فری میڈیکل اینڈ آئی کیمپس،واٹر فلٹریشن پلانٹ، ہائی جین کٹس کی تقسیم،کچن اوربیت الخلاء کی تعمیر، نکاسی آب کا نظام اورقیدیوں کے لواحقین کی پک اینڈ ڈراپ کے لئے آٹو رکشوں کی فراہمی کا اہتمام کیا جاچکا ہے۔ ان قیدیوں کو مناسب دیکھ بھال اور توجہ سے جرائم کی دنیا سے باہر نکال کر معاشرے کا ایک مفید رکن بنانے میں مدد ملے گی۔

ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل محمد صداقت نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کی اسیران کے لئے جاری خدمات قابلِ ستائش ہیں۔ان کاوشوں سے قیدیوں میں مثبت رجحان پیدا ہوتا ہے۔ہم الخدمت فاونڈیشن کے شکر گزار ہیں جو قدیوں کومعاشرے کا ایک مفید رکن بنانے میں ہماری مدد کر رہی ہے۔