حکومتی معاشی پالیسیاں صحیح سمت میں جا رہی ہیں،عمران خان


اسلام آباد(صباح نیوز) وز یراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومتی معاشی پالیسیاں صحیح سمت میں جا رہی ہیں ، پاکستان کے معاشی اعشاریئے اور زرِ مبادلہ کے ذخائر مستحکم ہیں۔

وز یراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں میکرو اکنامک مشاورتی گروپ کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں مشیر خزانہ شوکت فیاض ترین، وزیر توانائی حماد اظہر، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، معاونِ خصوصی ڈاکٹر شہباز گل، گورنر اسٹیٹ بنک رضا باقر اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کو موجودہ ملکی معاشی و اقتصادی صورتحال، میکرواکنامک اعشاریوں میں بتدریج بہتری، ملکی معیشت کو مزید مستحکم کرنے کیلئے جامع منصوبہ بندی اور عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باوجود معاشی ترقی کی شرح کو بڑھانے اور پائیدار بنانے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ رواں مالی سال کے اختتام پر پاکستان کی معاشی ترقی کی شرح میں پچھلے سال کی نسبت ایک فی صد مزید اضافے کا امکان ہے، ملکی زرِ مبادلہ کے ذخائر مستحکم ہیں، توانائی کے شعبے میں اصلاحات کی بدولت گردشی قرضوں میں کمی واقع ہوئی ہے، ریونیو میں 35 فی صد اضافہ، جس میں صرف ٹیکس کی مد میں ہی 32 فی صد اضافہ، برآمدات میں اضافہ، بڑے پیمانے کی صنعت کی پیداور اور ویلیو ایڈیشن میں اضافہ خوش آئند ہے۔

عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں متوقع کمی کی وجہ سے عوام تک ریلیف پہنچانے میں معاونت پر بھی بریفنگ دی گئی۔وزیرِ اعظم نے معاشی مشاورتی گروپ کے اراکین کی تجاویز کا خیر مقدم کیا اور معاشی ریلیف کو عوام تک جلد پہنچانے کے اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کیں۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان کے معاشی اعشاریئے اور زرِ مبادلہ کے ذخائر مستحکم ہیں، حکومت نے نہ صرف گزشتہ حکومت کے وراثت میں چھوڑے ہوئے معاشی بحرانوں بلکہ کورونا وبا سے پیدا ہونے والی معاشی مشکلات کا بہترین طریقے سے مقابلہ کیا،اب معیشت پائیدار ترقی کی طرف گامزن ہے، بڑے پیمانے کی صنعت کی پیداوار، ویلیو ایڈیشن، ریونیو اور برآمدات میں اضافہ واضح کرتا ہے کہ حکومتی معاشی پالیسیاں صحیح سمت میں جا رہی ہیں، رواں مالی سال کے اختتام پر معاشی ترقی گذشتہ مالی سال سے بھی ذیادہ ہونے کی امید ہے۔