نوجوان طالبات کو حضرت خدیجہ  اور حضرت عائشہ  کو اپناآئیڈیل بنانا چاہئیے،حافظ محمد ادریس


لاہور(صباح نیوز)جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما حافظ محمد ادریس نے مرکز اسلامی برائے خواتین منصورہ میں چترال سے آئی ہوئی دینی مدارس ،کالجوں اور یونیورسٹیوں کی طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حق اور باطل کی کشمکش ازلی اور ابدی ہے۔ ہر دور میں اس کشمکش میں شیطان اور رحمان کے بندے ایک دوسرے مدمقابل رہے ہیں۔ چیلنجز کی نوعیت بدل جاتی ہے مگر میدان ان کاوہی رہتا ہے کہ حق غالب آئے گا باطل ۔آج کا دور سائنس ،ٹیکنالوجی اور ابلاغ و آگہی کا ہے شیطانی قوتیں اور لا دینی تہذیب وکلچر کے علمبردار ہر جانب فحاشی و عریانی اور مادر پدر آزادی کا جنگل اگانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا مسلمان خاتون بالخصوص نوجوان نسل ان کا خصوصی ٹارگٹ ہے ۔آج ہماری بیٹیوں کو سیدہ خدیجہ  ،حضرت عائشہ  ،اسماء  اورام عمارہ  کو اپنا آئیڈیل بنا کر حق پر ڈٹ جانا ہو گا۔ حق کے علمبردار وں کو محض اپنی جذباتی و ابستگی پر بھروسہ نہیں کرنا چاہیے بلکہ اپنے مشن کا پورا تعارف حاصل کرنے کے ساتھ اپنے مد مقابل لشکر کے عزائم اور منصوبوں سے بھی اچھی طرح واقف ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا قطر میں ہونے والا عالمی فٹبال میلہ گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے وہاں کے مکمل اسلامی ماحول نے بہت سے غیر مسلموں بالخصوص مغربی خواتین کو اسلام قبول کرنے پر آمادہ کیا ہے۔اس کا مطلب یہی ہے کہ اسلام میں آج بھی غیر مسلم دنیا کے لیے جو اسلام کی اصلی تصویر سے نا واقف ہے ،بڑی کشش موجود ہے ،ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اپنا صیح تعارف اور اسلام کاحقیقی چہرہ دنیا کے سامنے پیش کریں۔آج تمام مسلمان مردو خواتین کے لیے سوشل میڈیا نے مواقع فراہم کر رہے ہیں کہ وہ دنیا تک اپنا پیغام پہنچا سکیں۔

حافظ محمد ادریس نے بعد میں طالبات کے سوالوںکے جواب دئیے۔ طالبات نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ان ہدایات کی روشنی میں اپنا لائحہ عمل مرتب کریں گی۔