سری نگر( صباح نیوز) کل جماعتی حریت کانفرنس کی سینئر رہنماء اور جموں وکشمیر ماس موومنٹ کی چیر پرسن فریدہ بہن جی نے پیغمبر حضر محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے خلاف ہندو پجاری یتی نرسنگھ نند کے توہین آمیز ریمارکس کی مذمت کرتے ہوئے کشمیری عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ آج بعداز نماز جمعہ احتجاجی مظاہر ے کریں۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے پہلے ہی مقبوضہ کشمیر میں احتجاجی مظاہروں کی کال دی ہوئی ہے،فریدہ بہن جی نے جمعرات کو جاری بیان میں انتہا پسند ہندوپجاری کے اشتعال انگیز بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس سے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں اور “یہ گستاخانہ بیانات بھارت میں اسلامو فوبیا اور زینو فوبیا کی بڑھتی ہوئی لہر کا حصہ ہیں، جس کو انتہاپسند مودی سرکار پروان چڑھارہی ہے.
انہوں نے کہا کہ”پیغمبر حضر ت محمد صلی اللہ علیہ وسلم سے ہماری محبت اپنی جان سے بھی عزیز ہے اور کوئی بھی مسلمان ان کی شان میں گستاخی برداشت نہیں کرسکتا ،انہوں نے کشمیری مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ ا اس طرح کی نفرت انگیز کارروائیوں کے خلاف اپنی ناپسندیدگی کا ردعمل ظاہرکرنے کے لئے جمعہ کو اپنے گھروںسے باہر آئیں اور انحضور صلی اللہ وسلم سے اپنی محبت کا اظہار کرنے کے لئے جمعہ نماز کے بعد بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے کریں اور نمازِ جمعہ کے بعد ہندو پجاری یتی نرسنگھ نند کے گستاخانہ بیانات کے جواب میںپرامن احتجاج میں بھرپور شرکت کریں، انہوں نے علماء اور خطباء سے بھی اپیل کی کہ وہ جمعہ کے اجتماعات میں ہندو پجاری یتی نرسنگھ نند کے توہین آمیز ریمارکس کے خلاف مذمتی قراردادیں منظورکرائیں اور بھارت کی مودی سرکار پر دباوڈالیں تاکہ وہ آئندہ ایسی شرمناک اور توہین آمیز حرکتوں سے باز آجائے ۔