اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان میں صحافیوں کو گذشتہ دس سالوں کے دوران درپیش حالات کے بارے میں رپورٹ جاری کر دی گئی ۔ یہ رپورٹ اقوام متحدہ کے دس سالہ پلان آف ایکشن کے تحت جاری کی گئی ہے اور رپورٹ وزیر اعظم شہباز شریف کو پیش کر دی گئی ۔رپورٹ کے اجراء کے حوالے سے اسلام آباد میں پاکستان جرنلسٹ سیفٹی فورم کے تحت تقریب ہوئی ۔
فورم کے سربراہ حامد میر نے وزیر اعظم اور دیگر مہمانوں کا خیر مقدم کیا ۔ جرمنی ، فرانس ، ڈنمارک ، ناروے کے سفیروں نے اس موقع پر خطاب کیا اور پاکستان کے صحافیوں کو ان کے تحفظ کے لیے عالمی سطح پر ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی گئی ہے ۔
وزیر اعظم کو یو این پلان آف ایکشن آن دی سیفٹی آف جرنلسٹس کی دس سالہ رپورٹ پیش کی گئی ۔
اس رپورٹ میں سفارشات بھی شامل ہیں اور پاکستان میں صحافیوں کو درپیش حالات مسائل مشکلات کے اثرات کا تذکرہ کیا گیا ہے ۔
فورم کے سربراہ حامد میر نے اس موقع پر مطالبہ کیا کہ جرنلسٹس ایکٹ پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اور اس ایکٹ کے تحت فوری طور پر کمیشن کا قیام عمل میں لایا جائے اور سنسر شپ سے متعلق شق کو ختم کیا جائے ۔
وزیر اعظم نے اسلام آباد جرنلسٹس سیفٹی فورم کے مطالبات کو منظور کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اس حوالے سے جلد عملدرامد کو یقینی بنائے گی ۔