اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے مذہبی رواداری اور پر امن بقائے باہمی کے اصولوں کی ترویج کو پاکستان کی ترقی کے لیے بے حد ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں موجود عدم برداشت کے خاتمے اور بھائی چارے کے فروغ کیلئے ہم سب کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے دائودی بوہرا برادری کے وفد نے گزشتہ روز ملاقات کی، وفد کی سربراہی دائودی بوہرا کمیونٹی کے روحانی پیشوا ڈاکٹر سیدنا مفدل سیف الدین کے نمائندہ کومیل یونس نے کی۔اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ داؤدی بوہرا برادری کی پاکستان کیلئے بے شمار خدمات ہیں،
داؤدی بوہرا برادری ایک پر امن جماعت ہے اور آپ کے رفاہی کام متاثر کن ہیں۔ انھوں نے کہا کہ مذہبی رواداری اور برداشت بانیِ پاکستان قائدِ اعظم کے وہ دیرینہ اصول تھے جو پاکستان کی بنیادوں کا حصہ ہیں اور پاکستان کی موجودہ خارجہ پالیسی انہی کا مظہر ہے، معاشرے میں موجود عدم برداشت کے خاتمے اور بھائی چارے کے فروغ کیلئے ہم سب کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
وزیر اعظم نے مذہبی رواداری اور پر امن بقائے باہمی کے اصولوں کی ترویج کو پاکستان کی ترقی کے لیے بے حد ضروری قرار دیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان میں مذہبی ہم آہنگی کے فروغ اور ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی میں بھرپور کردار ادا کرنے پر بوہرا برادری کے کردار کو سراہا۔
وزیرِ اعظم نے داؤدی بوہرا برادری کو سیلاب متاثرین کی مدد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی دعوت دی۔ وفد نے وزیرِ اعظم کو اپنے تمام منصوبوں میں سولر توانائی کے استعمال کے بارے بتایا جس کی استعداد 6 میگاواٹ ہے، وزیرِ اعظم نے اس اقدام کو سراہا۔