لاہور(صباح نیوز)فلم، ٹی وی اور اسٹیج کے نامور اداکار افضال احمد علالت کے باعث لاہور میں انتقال کر گئے ہیں۔
جنرل ہسپتال کی انتظامیہ کے مطابق افضال احمد کو برین ہیمریج کے باعث یکم دسمبر کو ہسپتال لایا گیا تھا، سینئر اداکار مختصر علالت کے بعد لاہور میں انتقال کرگئے، اداکار افضال احمد کی تدفین کل (ہفتہ کو)ہوگی، ان کی بہن نے امریکا سے آنا ہے جبکہ ان کی تین بیٹیاں ہیں جو بیرون ملک رہائش پذیر ہیں۔
واضح رہے کہ نامور اداکار افضال احمد جھنگ کے سید گھرانے میں پیدا ہوئے، انہوں نے ایچی سن سے تعلیم حاصل کی۔ افضال احمد گزشتہ 21 برس سے فالج کے مرض میں مبتلا وہیل چیر تک محدود تھے، انہوں نے اشفاق احمد کے ڈرامے اچے برج لاہور دے(کارواں سرائے)میں صرف 18برس کی عمر میں 50 سالہ بوڑھے کا کردار ادا کرکے سب کو حیران کر دیا تھا۔ اداکاری کے شوقین افضال احمد نے اپنے 35 سالہ کیریئر کے دوران اردو، پنجابی، پشتو فلموں میں کام کیا۔
انہوں نے اپنی بہترین اداکاری کے جوہر کے باعث 90 کی دہائی میں خوب شہرت کمائی، اداکار افضال احمد اور قوی خان کی جوڑی نے شہرت حاصل کی، وہ افضال چٹہ کے نام سے مشہور تھے ، انہوں نے جزیرہ، چل سو چل سمیت متعدد ڈراموں اور 200 سے زائد فلموں میں کام کیا۔ان کی مشہور فلموں میں شعلے، شریف بدمعاش، وحشی جٹ، عشق نچاوے گلی گلی اور دیگر فلمیں شامل ہیں۔
افضال احمد کوفالج کے مرض میں مبتلا ہونے کے بعد زبان پر لقوہ پڑگیا جس کے باعث وہ قوت گویائی سے محروم ہوگئے اور معذوری کے باعث وہیل چیئر پر آگئے تھے۔
وزیراعظم ، وزیراعلیٰ پنجاب سمیت سیاسی رہنماؤں کا افضال احمدکے انتقال پراظہار افسوس
وزیراعظم شہباز شریف سمیت سیاسی رہنماؤں نے نامور اداکار افضال احمدکے انتقال پراظہار افسوس کیا ہے ۔
وزیراعظم شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی اور جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے نجی میڈیا گروپ کے صدر اور معروف صحافی عمران اسلم کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لئے صبر کی دعا کی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی سمیت سیاسی رہنماؤں نے نامور اداکار افضال احمدکے انتقال پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور ان کے درجات کی بلندی کیلئے اور لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا۔