وزیراعظم کی بلیلی میں پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس گاڑی پر دھماکے کی مذمت


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر ِ اعظم میاں محمد شہباز شریف نے کوئٹہ کے نواحی علاقے بلیلی میں پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس کی گاڑی پر دھماکے کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعہ کی تحقیقات کی فوری ہدایت کی ہے جبکہ وزیر اعظم نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

وزیر اعظم کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم شہبازشریف نے کہا کہ واقعہ میں پولیس اہلکار اور ایک بچے کی شہادت پر دلی دکھ اور رنج ہوا۔ پولیو اہلکار ملک سے اس موذی مرض کے خاتمے کیلئے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر یہ فریضہ سر انجام دے رہے ہیں جس پر میں انہیں خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔

وزیرِاعظم نے کہا کہ شر پسند عناصر ملک سے پولیو کے خاتمے کی اس مہم کو روکنے میں ہمیشہ ناکام رہیں گے،پاکستانی قوم، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور پولیو اہلکار شرپسند عناصر کی ان مذموم کوششوں کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ملک سے پولیو کا مکمل خاتمہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ حکومت ملک سے پولیو کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔ مجھ سمیت پوری قوم کی تمام تر ہمدردیاں شہدا کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں۔واقعہ میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کی دعا ہے۔