اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ چین کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے دور حکومت میں سی پیک منصوبے کو متنازعہ بنایا گیا،چین کے ساتھ مل کر تعمیر و ترقی کا سفر دوبارہ شروع کریں گے،حالیہ دورے کے دوران چینی قیادت سے انتہائی دوستانہ ماحول میں بات چیت ہوئی ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے سرکاری ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ چین کامیاب رہا۔ چین مشکل وقت میں کام آنے والا دوست ہے۔گذشتہ دور حکومت میں سی پیک منصوبے کو متنازعہ بنایا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ چین کے ساتھ مل کر تعمیر و ترقی کا سفر دوبارہ شروع کریں گیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کی چین کے صدر اور وزیراعظم سے تفصیلی ملاقاتیں ہوئیں۔چینی قیادت سے انتہائی دوستانہ ماحول میں بات چیت ہوئی۔ وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ ریلوے کے ایم ایل ون منصوبے پر مثبت گفتگو ہوئی۔کراچی سرکلر ریلوے منصوبے پہ چین نے مثبت ردعمل کا اظہار کیا۔ اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ چین پاکستان کو بہت اہمیت دیتا ے۔