اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب سے پاپولیشن کونسل کے صدر ڈاکٹر رانا حاجیہ کی قیادت میں ایک وفد نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں پاپولیشن کونسل کی کنٹری ڈائریکٹر ڈاکٹر زیبا ستار اور وزارت خزانہ کے سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔ ملاقات میں آبادی میں تیزی سے اضافے، آبادیاتی تبدیلیوں اور ان کے پاکستان کی ترقی و معیشت پر اثرات پر بات چیت کی گئی۔
وفاقی وزیر محمد اورنگزیب نے آبادی میں تیزی سے اضافے کے پاکستان کی ترقیاتی اہداف پر پڑنے والے چیلنجز پر روشنی ڈالی۔انہوں نے زور دیا کہ آبادی کے رجحانات کو سمجھنے اور ان سے نمٹنے کے لیے طویل المدتی، پائیدار اور شواہد پر مبنی حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے۔ وزیر خزانہ نے صحت، تعلیم، روزگار، شہری ترقی اور ماحولیات جیسے اہم شعبوں میں ان آبادیاتی عوامل کو شامل کرنے پر زور دیا تاکہ سماجی و معاشی ترقی کی مکمل صلاحیت کو بروئے کار لایا جا سکے۔
ڈاکٹر رانا حاجیہ اور ڈاکٹر زیبا ستار نے پاپولیشن کونسل کی موجودہ تحقیق اور اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا جو ان مسائل سے نمٹنے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔ وفد نے پاکستان کی پائیدار ترقی کے اہداف سے ہم آہنگ جامع اور ڈیٹا پر مبنی پالیسیوں کی تشکیل میں مدد فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔یہ ملاقات پاپولیشن کونسل اور وزارت خزانہ کے درمیان تعاون کو فروغ دینے اور پاکستان کے مستقبل پر آبادی میں اضافے کے اثرات سے نمٹنے کے لیے اہم ہے۔