استنبول ،اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب سے ترکیہ کی فلمی صنعت کے نمائندہ وفد کی ملاقات، ڈرامہ اور فلم کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
وزارت اطلاعات کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب سے ترکیہ کی فلمی صنعت کے نمائندہ وفد نے جمعہ کے روز ملاقات کی۔ دونوں ممالک کے درمیان ڈرامہ اور فلم کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ پاکستانی فلموں کی نمائش کے لئے ترکیہ میں فلمی میلے میں پاکستان کی شرکت کرنے کا اعلان بھی کیا گیا۔ آئندہ ہفتے ترکیہ میں فلمی میلے کے انعقاد کے حوالے سے اجلاس ہوگا، تاریخ کا تعین ہوگا۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان میں تیار ہونے والی تین نئی فلمیں فیسٹیول میں پیش کی جا سکتی ہیں، دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ منصوبوں کے لئے فزیبلٹی تیار کی جائے گی۔
ملاقات میں پاکستان میں جدید ترین فلم پروسیسنگ لیب کے قیام پر بھی تعاون پر اتفاق ہوا جبکہ ترکیہ کی یونیورسٹیوں کے ساتھ تعلیمی نصاب میں فلم سازی اور اداکاری کے مضامین شامل کرنے پر بھی تعاون پر اتفاق ہوا ہے۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ 1970کی دہائی میں پاکستان دنیا کا تیسرا سب سے بڑا فلم بنانے والا ملک تھا، 2008میں فلم صنعت کی بحالی کاکام شروع ہوا،ملکی تاریخ کی پہلی فلم اینڈ کلچر پالیسی تشکیل دی ،
فلمی صنعت کو ٹیکس میں استثنی، نئی فلمیں بنانے کے لئے مالی معاونت کی سہولیات دی گئی ہیں، پاکستان میں فلموں کی تیاری پر 70 فیصد تک ٹیکس میں رعایت دی گئی ہے،فلم کی کہانی، معیار،جدید ٹیکنالوجی کا استعمال قومی فلم پالیسی کا حصہ ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نئے سینما گھروں کے قیام، بحالی اور فنکاروں کو مراعات دینے کے لئے اقدامات اٹھائے ہیں، فلم اور سیاحت کے شعبہ میں پاکستان کے 70 فیصد نوجوانوں کو شامل کرنے کا یہ بہترین موقع ہے،نوجوانوں کے لئے فلمی شعبہ میں انٹرنیشنل ورکشاپس منعقد کی جا رہی ہیں،انٹرنیشنل ورکشاپس میں بہترین ساکھ کے حامل پروڈیوسرز کو بلائیں گے،فلم اور ڈرامہ کسی بھی ملک کا عالمی سطح پر تشخص بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان کے شمالی علاقے قدرتی حسن سے مالا مال ہیں،ترکی کے فلم ساز ان خوبصورت سیاحتی علاقوں میں فلم بندی کرسکتے ہیں۔ اس موقع پرترکیہ کی فلمی صنعت نے پاکستان کے ساتھ فلم اینڈ ڈرامہ انڈسٹری میں مشترکہ منصوبے شروع کرنے پر آمادگی کا اظہار کیا ہے۔وفد نے کہا کہ ترکیہ میں قائم ہالینڈ، ترکی، فرانس کی بہترین کمپنیاں فلم پروسیسنگ لیب میں تکنیکی معاونت فراہم کر سکتی ہیں۔