وزیراعظم نے پہلے فیملی انٹرٹینمنٹ چینل آن کی نشریات کا باقاعدہ افتتاح کردیا


اسلام آباد(  صباح نیوز) وزیراعظم میاں محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ موجودہ حالات کا تقاضا ہے کہ میڈیا اسلامی اور ہماری معاشرتی اقدار کو فروغ دے۔دنیا کے سامنے پاکستان کا حقیقی چہرہ اجاگر کرنے میں میڈیا کا بہت اہم کردار ہے۔

وہ وزیراعظم ہاؤس میں ایم نیٹ ورک کے زیر اہتمام شروع ہونے والے ملک کے سب سے پہلے فیملی انٹرٹینمنٹ چینل آن کی نشریات کے افتتاح کے لئے منعقدہ پروقار تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔ تقریب میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب ، وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹری ڈاکٹر سید توقیر حسین شاہ ،پبلک پالیسی اور سٹرٹیٹجک کمیونیکشن کے بارے میں وزیراعظم کے معاون خصوصی سید فہد حسین ، وفاقی سیکریٹری اطلاعات شہیرہ شاہد، پیمرا کے چیئرمین محمد سلیم بیگ ، پرنسپل انفارمیشن آفیسر مبشر حسن کے علاوہ ایم نیٹ ورک کے ایگزیکٹو عاقل جمال بٹ، عاصم ممتاز بٹ ، عمیر ممتاز بٹ اور ڈاکٹر علی حسن سمیت دیگر نے شرکت کی ۔

اس موقع پر وزیراعظم شہبازشریف نے بٹن دبا کر آن ٹی وی کی نشریات کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ وزیراعظم نے چینل کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر احسن طارق بٹ کو چینل کی نشریات کے باقاعدہ آغاز کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ ملک کے پہلے فیملی انٹرٹینمنٹ ٹی وی چینل کا میرے ہاتھوں سے آغاز ہو رہاہے اور مجھے پورا یقین ہے کہ آن انٹرٹینمنٹ  چینل سے نہ صرف بہترین پروگرام پیش ہوں گے بلکہ یہ چینل ملک میں اسلامی اور معاشرتی اقدار کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

وزیراعظم نے کہاکہ اس وقت ضرورت ہے کہ ہم خاص طور پر نوجوان نسل کو اپنی اعلی اقدار سے روشناس کرائیں اورمجھے پورا یقین ہے کہ آن ٹی وی چینل اپنے پروگراموں کے ذریعے یہ کردار بخوبی ادا کرے گا۔ وزیراعظم نے کہاکہ میں اس چینل کی کامیابی کے لئے دعا گو ہوں۔