نئی دہلی(صباح نیوز) بھارت کے معروف کامیڈین و اداکار راجو شری واستو 58برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق راجو شری واستو کو10اگست کو دل کا دورہ پڑنے کے سبب اسپتال میں داخل کیا گیا تھا جہاں اب تک وہ زیرِ علاج تھے اور اب اہلخانہ کی جانب سے اداکار کے انتقال کی تصدیق کی گئی ہے۔
راجو شری واستو کو یکم ستمبر کے روز وینٹی لیٹر پر اس وقت منتقل کیا گیا تھا جب ان کا بخار باوجود علاج کے کم نہیں ہو رہا تھا، تاہم بدھ کی صبح انہوں نے دہلی کے ہسپتال میں اپنی آخری سانسیں لیں۔
خیال رہے کہ راجو شری واستو کو اس وقت دل کا دورہ پڑا تھا جب وہ جم میں ٹریڈ مِل پر ایکسرسائز کر رہے تھے۔
یہ دعوی کیا گیا تھا کہ راجو نے جم میں بہت زیادہ ایکسرسائز کر لی تھی جس کی وجہ سے ان کی طبیعت بگڑی تاہم ان کے بھانجے کوشل سری واستو نے ان دعوؤں کو مسترد کردیا تھا۔