جمائما گولڈ اسمتھ کا سیلاب زدگان کیلئے اپنی فلم کی اسکریننگ کی نیلامی کا اعلان


لندن (صباح نیوز)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے پاکستان میں سیلاب زدگان کے عطیات کیلئے لندن میں اپنی آنے والی فلم کی پرائیویٹ اسکریننگ کی نیلامی کا اعلان کیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق جمائما کی آنے والی فلم ( Whats Love Got To Do With It  ) کی  پرائیویٹ اسکریننگ نیلام کی جائے گی۔اس حوالے سے جمائما گولڈ اسمتھ کا کہنا ہے کہ فلم کی پرائیوٹ اسکریننگ کی نیلامی سے حاصل رقم پاکستان میں سیلاب زدگان کیلئے مختص کی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ فلم واٹس لو گاٹ ٹو ڈو ود اٹ کی نجی اسکریننگ کی نیلامی 8 ستمبر کو ہوگی۔واضح رہے کہ جمائما کی آنے والی فلم واٹس لو گاٹ ٹو ڈو ود اٹ کی لیڈ کاسٹ میں نامور بالی وڈ اداکارہ شبانہ اعظمی اور پاکستانی اداکارہ سجل علی سمیت برطانوی اداکارہ للی جیمز، ایما تھامپسن، برطانوی اداکار شہزاد لطیف اور پاکستانی نژاد برطانوی اسٹینڈاپ کامیڈین جیفری مرزا بھی شامل ہوں گے۔