اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ فلموں کا معیار بہتر بنانا ہماری قومی فلم پالیسی کا حصہ ہے، فلم اور ڈرامہ پاکستان کا عالمی سطح پر تشخص بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب سے پاکستان فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین شیخ امجد کی وفد کے ہمراہ ملاقات ہوئی ہے۔اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ فلموں کی کہانی، معیار، ٹیکنالوجی بہتر بنانا ہماری قومی فلم پالیسی کا حصہ ہے،فلم اور ڈرامہ پاکستان کا عالمی سطح پر تشخص بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں، حکومت سینما گھروں کی بحالی، نئے سینما گھروں کی تعمیر اور فنکاروں کو مراعات دینے کے لئے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ معیاری فلموں کی اس وقت بہت ضرورت ہے، فلم انڈسٹری کو ٹیکنالوجی اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کریں گے، حکومت اس ضمن میں فلم سازوں کو ٹیکس میں استشنی سمیت فلم انڈسٹری کے لئے آلات کی درآمد میں ہر ممکن تعاون کرے گی۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ فلم انڈسٹری پر عائد ود ہولڈنگ ٹیکس کے خاتمہ کے لئے ایف بی آر سے بات چیت جاری ہے، جلد ہی لائحہ عمل طے کرلیا جائے گا، نئے سینما گھروں، پروڈکشن ہائوسز کو ٹیکس میں رعایت دینے کے لئے متعلقہ حکام سے بھی بات چیت کا عمل جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلم انڈسٹری کے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ٹیکس استثنی سمیت دیگر امور پر بہت جلد مشاورت کی جائے گی، حکومت نے ذمہ داری سنبھالتے ہی فلم اینڈ کلچر پالیسی کو بحال کیا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستانی اور چینی فلم سازوں کی مشترکہ پروڈکشن شروع کرنے لئے کوششیں تیز کی جائیں گی۔اسکے علاوہ انہوں نے پاکستان اور چین کے درمیان فلم سازی میں تعاون اور مشترکہ پروڈکشن کے حوالے سے چینی سفیر سے ہونے والی اپنی بات چیت سے بھی وفد کو آگاہ کیا۔
دوسری جانب چیئرمین فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن نے کہا کہ سینما انڈسٹری کی بحالی کے لئے حکومتی اقدامات سے فلم انڈسٹری کو تقویت ملے گی، پاکستان فلم انڈسٹری کو اس کی اصل شناخت دلوانے کے لئے حکومت کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔