پاک فوج کی سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں


راولپنڈی (صباح نیوز)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)نے کہا ہے کہ پاک فوج کے دستے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں سول انتظامیہ کی مدد کر رہے ہیں۔

آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ پاک فوج کی ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں متاثرہ آبادی کو غذائی اور طبی امداد دے رہی ہیں۔

پاک فوج کی ڈی واٹرنگ ٹیمیں ضلع جامشورو، گھارو گرڈ سٹیشن میں موجود ہیں۔ پاک فوج کی ٹیمیں کراچی کے ضلع جنوبی سمیت شارعِ فیصل، نیپا چورنگی، صوبہ بلوچستان میں جنوبی لسبیلہ، تربت اور کوئٹہ میں بھی  امدادی کارروائیاں کر رہی ہیں۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاک فوج کی ٹیموں نے طبی سہولتوں سمیت ریلیف کیمپ قائم کئے اور مقامی رہائشیوں میں خوراک اور راشن بھی تقسیم کیا ہے۔