راولپنڈی (صباح نیوز) گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران راولپنڈی میں مزید62 ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے ۔راولپنڈی میں ڈینگی آؤٹ بریک کا مرکز پوٹھوہار ٹاؤن کے علاقے بن گئے جہاں ہسپتالوں میں زیرِ علاج ڈینگی مریضوں کی تعداد 282 ہو گئی۔
راولپنڈی میں رواں سیزن میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 1996 تک پہنچ گئی جبکہ رواں سیزن میں ڈینگی سے 9 مریض زندگی کی بازی ہار گئے۔ڈینگی کے 94 مریض بے نظیر بھٹو ہسپتال، 96 مریض ہولی فیملی ہسپتا ل، 53 مریض ڈی ایچ کیوہسپتا ل، 38 مریض فوجی فاؤنڈیشن ہسپتا ل میں داخل ہیں۔راولپنڈی میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں ڈینگی کے 33 کیسز کی پوٹھوہار ٹاؤن، 12 کی میونسپل کارپوریشن کے علاقوں، 7 کی راولپنڈی کنٹونمنٹ اور 3 کی پوٹھوہار رورل ایریا سے تصدیق ہوئی۔
چکلالہ کنٹونمنٹ سے 5، کلرسیداں سے ایک ، ٹیکسلا سے ایک ، کوٹلی ستیاں سے ایک ڈینگی کا مریض رپورٹ ہوا ۔راولپنڈی میں رواں سیزن میں کانگو کے 2، ملیریا کے 654 مریض رپورٹ ہوئے۔رواں برس ڈینگی لاروا ملنے اور ڈینگی ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر 3920 مقدمات درج، 1531 عمارتیں سیل کی گئیں جبکہ 2697 چالان ٹکٹ جاری کئے گئے۔راولپنڈی میں ڈینگی ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر 1 کروڑ 78 لاکھ 56 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔